اجنکیا رہانے کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری،15 اننگز میں صرف ایک نصف سنچری 

 

نئی دہلی:ٹیم انڈیا کے نائب کپتان اجنکیا رہانے کی ٹیسٹ کرکٹ میں خراب کارکردگی ٹیم کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے۔ وہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک بار پھر ناکام رہے۔ وہ صرف ایک رن بنا سکے۔ انہوں نے ناٹنگھم میں پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف پانچ رنز بنائے اور دوسری اننگز میں بیٹنگ کا موقع نہیں ملا۔ آخری 15 اننگز میں وہ صرف ایک ففٹی اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ ان 15 اننگز سے قبل انہوں نے آسٹریلیا میں ملبورن ٹیسٹ کے دوران سنچری بنائی تھی۔ تب سے وہ ناکام رہے ہیں اور صرف ایک نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن ٹیم انڈیا کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ کے ایل راہل کی وکٹ پہلے ہی اوور میں گر گئی۔ انہوں نے 129 رنز بنائے اور اولی رابنسن نے آؤٹ کیا۔ اجنکیا رہانے بھی اگلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے جیمس اینڈ رسن کی گیند پر آؤٹ ہونے سے پہلے 23 گیندیں کھیلنے کے بعد صرف 1 رن بنایا۔ اس طرح ٹیم انڈیا کے نائب کپتان کی ناقص کارکردگی جاری رہی۔رہانے گزشتہ چند میچوں میں توقعات پر پورا نہیں اترے۔ 2021 میں انہوں نے نو ٹیسٹ کھیلے، جس میں انہوں نے ایک بھی سنچری نہیں بنائی اور صرف ایک نصف سنچری کی مدد سے 269 رنز بنا سکے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز کی سال 2021 میں اوسط 19.21 ہے۔ ان کی آخری نصف سنچری فروری 2021 میں چنئی میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران آئی تھی۔ وہ اپنی آخری 8 اننگز میں پچاس سے زیادہ رنز بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*