آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کا آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیاگیا ،ڈی پی میں ایلن مسک کی تصویر لگادی گئی

نئی دہلی :اتوار کے روزممبرپارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کا آفیشیل ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیاگیا۔ ہیکرز نے ٹوئٹر کی شخصی تصویر(ڈی پی ) میں ایلن مسک کی تصویر چسپاں کردی۔ نیز پارٹی کے نام کے بجائے ایلن مسک کا نام لکھ دیا۔خیال رہے کہ ایلن مسک دنیا کا دوسرا امیر ترین شخص ہے۔ وہ اسپیکس ایکس اور ٹیسلا جیسی کمپنیوں کا مالک ہے۔قابل ذکر ہے کہ اویسی کی پارٹی اے آئی ایم ایم اترپردیش اسمبلی انتخابات میں 100 نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ حال ہی میں اویسی نے اس کا اعلان کیا تھا۔ اس کے لئے انہوں نے اتر پردیش میں سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے اشتراک سے مشترکہ سنکلپ مورچہ تشکیل دیا ہے، تاہم اویسی کے اس اعلان کے بعد وہ اپوزیشن جماعتوں کے نشانے پر بھی ہیں۔ اسد الدین اویسی نے کہا تھا کہ وہ کسی بھی حالت میں 2022 کے اسمبلی انتخابات میں یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعلیٰ نہیں بننے دیں گے۔ اویسی کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اویسی ایک بڑے رہنما ہیں ، وہ ملک کے اندر مہم چلاتے ہیں۔ انہیں ایک خاص برادری کی حمایت حاصل ہے ، لیکن وہ یوپی کے اندر بی جے پی کو چیلنج نہیں کرسکتے ہیں۔ہم ان کے چیلنج کو قبول کرتے ہیں ، بی جے پی اپنے اقدار کے ساتھ انتخابی میدان میںسخت ٹکر دے گی ۔