ایک دن میں 19 ریلیاں،تیجسوی یادو نے لالو یادوکا ریکارڈتوڑدیا

پٹنہ:بہارمیں انتخابی ریلیاں جاری ہیں۔ ہفتہ کے روز حزب اختلاف کے لیڈر اوروزیراعلیٰ کے امیدوارتیجسوی یادونے ایک دن میں انیس ریلیوں کے ذریعہ والد اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سربراہ لالو یادوکی سولہ ریلیوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اتوارکے روز وزیر اعظم نریندر مودی بہار میں چار انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ تیجسوی یادو نے آج اپنے حلقہ راگھوپور میں سترہویں ریلی سے خطاب کیا۔ یہاں تک کہ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ آئے تھے ۔ اس کے بعدانہوں نے سڑک کے ذریعے دو انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔ راگھوپورکی ریلی میں تیجسوی یادونے کہاہے کہ وہ انتخابی مہم میں تنہا این ڈی اے کے تینتیس ہیلی کاپٹروں سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیاہے کہ ان کے والد لالو یادوکے عدالتی تحویل میں رہنے کی وجہ سے تشہیر کا بوجھ ان کے کندھوں پرہے۔ اس لیے انہیں پندرہ سے زیادہ ریلیاں کرناہوں گی۔