پٹنہ :(پریس ریلیز)امیر شریعت حضرت مولانااحمد ولی فیصل رحمانی صاحب دامت برکاتہم کی ہدایت پر قائم مقام ناظم امارت شرعیہ مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے اپنے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ تمام مدارس کے اساتذہ و ذمہ داران جومالی فراہمی کے لیے امارت شرعیہ کی طرف سے تصدیق نامہ حاصل کرنے کے خواہش مند ہوں خواہ پہلی بار تصدیق نامہ لینے آرہے ہوں یا پہلے سے تصدیق نامہ حاصل کر چکے ہوں ، ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے بلاک کے امارت شرعیہ کی جانب سے مقرر کردہ صدر اور سکریٹری سے تصدیق کرانے کے بعداپنے علاقہ کے دار القضاء امارت شرعیہ جا کر مقامی قاضی شریعت سے سفارشی خط ضرور حاصل کر لیں ، جس جگہ امارت شرعیہ کی جانب سے صدر او ر سکریٹری مقررنہیں ہیں وہاں علاقائی نقیب سے تصدیق کرائیں ،جن لوگوں کو تصدیق نامہ میں مستحق بچوں کی تعداد لکھوانا ضروری ہو وہ لازمی طور پر اپنے علاقہ کے قاضی شریعت سے سفارشی خط پر تعداد ضرور واضح کرالیں۔
پہلی بار تصدیق نامہ حاصل کرنے والے اہل مدارس ، صدر ؍سکریٹری اور قاضی کی تحریری سفارش کے علاوہ مدرسہ جس زمین پر قائم ہے اس کا رقبہ اور زمین کی رجسٹری یا وقف نامہ کی کاپی،اگر رجسٹرڈ مدرسہ ہے تو رجسٹریشن نمبر، طلبہ وطالبات کی درجہ وار مجموعی تعداد ، دارالاقامہ میں مقیم امداد ی و غیر امدادی طلبہ کی تعداد ، اگر امارت شرعیہ یا اکابر علماء کرام کی جانب سے معائنہ ہوا ہو تواس تحریر کی فوٹو کاپی ضرور منسلک کریں۔ساتھ ہی جس جگہ مدرسہ واقع ہے وہاں کے کم از کم دو معزز اشخاص کے ٹیلی فون نمبر ضرور درج کریں ، ان مذکورہ تفصیلات کے ساتھ اپنی درخواست ناظم امارت شرعیہ کے نام لکھ کر اپنے آدھار کارڈ کی فوٹو کاپی لگا کرکسی نائب ناظم سے جو موجود ہوں اپنے کاغذات کی جانچ کرائیں ،پھر آگے کی کارروائی کے لیے دفتر نظامت میں درخواست جمع کریں، جواہل مدارس پہلے بھی امارت شرعیہ کا تصدیق نامہ لے چکے ہیں، وہ تجدید کے لیے اپنا پرانا تصدیق نامہ اوریجنل بھی جمع کریں، تصدیق نامہ حاصل کرنے کی آخری تاریخ ۲۰؍ شعبان المعظم ۱۴۴۴ھ ہے ، اس کے بعد تصدیق نامہ کی غرض سے تشریف لانے کی زحمت نہ کریں یہ اطلاع مولانا ارشد رحمانی آفس سکریٹری امارت شرعیہ نے دی ہے۔