Home نقدوتبصرہ اہلِ فلسطین کی آپ بیتی ایک فلسطینی کے قلم سے – محمد رضی الاسلام ندوی

اہلِ فلسطین کی آپ بیتی ایک فلسطینی کے قلم سے – محمد رضی الاسلام ندوی

by قندیل

برادرِ عزیز نایاب حسن میرے دفتر تشریف لائے اور معروف فلسطینی مصنف مرید البرغوثی کی کتاب ‘رأيت رام اللّه’ کا خود کا کیا ہوا اردو ترجمہ ‘میں نے رام اللہ’ دیکھا ‘ پیش کیا – سوشل میڈیا پر اس کتاب کا چرچا کچھ عرصے سے تھا ، جس کی وجہ سے اسے دیکھنے کا اشتیاق تھا – موصوف کا شکریہ کہ انھوں نے یہ خواہش پوری کردی –

مرید البرغوثی ایک باکمال فلسطینی شاعر اور نثر نگار ہیں – ان کی تخلیقات کا دنیا کی بہت سی زبانوں میں ترجمہ ہوا ہے – ان کی کتاب ‘رأيت رام اللّه’ کو عربی فلسطینی ادب کا شاہ کار مانا گیا ہے – یہ دراصل فلسطین سے مصنف کی 30 سالہ تکلیف دہ جلاوطنی کے بعد وطن واپسی کے جذباتی سفر کی روداد ہے ، جو انھوں نے بہت دل چسپ ، شگفتہ و شیریں اور ادبی اسلوب میں بیان کی ہے – فلسطین اور مسئلۂ فلسطین پر اب تک دنیا بھر میں سیکڑوں کتابیں لکھی گئی ہیں ، لیکن یہ ان سب سے مختلف ہے – اس میں ایک فلسطینی خود اپنے محسوسات بیان کرتا ہے ، ایسا فلسطینی جو عالمی سطح کا شاعر و ادیب ہے ، جس نے دوسرے لاکھوں فلسطینیوں کی طرح طویل عرصہ پناہ گزینی اور دربدری کی زندگی گزاری اور وطن سے دوٗری و مہجوری کے غم جھیلتا رہا – اپنے سحر انگیز اسلوب اور واقعات کی دل کش منظر نگاری کی وجہ سے مبصرین و ناقدین نے اس کتاب کو فلسطین اور فلسطینی مہاجرین پر لکھی جانے والی بہترین کتاب قرار دیا ہے – کتاب کے انگریزی ترجمے پر عالمی شہرت کے حامل اور مسئلۂ فلسطین پر اتھارٹی سمجھے جانے والے معروف دانش وَر ایڈورڈ سعید نے لکھا ہے کہ یہ فلسطینی مہاجرین کے تجربات کو بیان کرنے والی عظیم تصنیف ہے – اس کتاب کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 1997 میں کتاب طبع ہونے کے بعد اسی سال اسے نجیب محفوظ ایوارڈ برائے تخلیقی ادب سے نوازا گیا اور دنیا کی بہت سی زبانوں میں اس کے ترجمے ہوئے –

ہندوستان میں پانچ چھ برس قبل اس کتاب کا ملیالم زبان میں ترجمہ ہوا تھا – اب عزیزی نایاب حسن کے قلم سے اس کا اردو ترجمہ منظرِ عام پر آیا ہے – موصوف ایک ذی صلاحیت نوجوان ہیں – انھوں نے دار العلوم دیوبند سے فضیلت ، تکمیل ادب اور تدریب صحافت و تحقیق کرنے کے بعد مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی حیدر آباد سے بی اے اور ایم اے (اردو) کیا ہے – مشہور ادبی ویب سائٹ قندیل آن لائن کے مدیر اعلیٰ ہیں – تصنیف و تحقیق کا عمدہ ذوق رکھتے ہیں – 2013 میں شائع ہونے والی ان کی کتاب ‘دار العلوم دیوبند کا صحافتی منظر نامہ’ نے علمی حلقوں میں مقبولیت حاصل کی تھی – ترجمہ کے فن میں بھی انہیں مہارت حاصل ہے – یہ ترجمہ اس کا بیّن ثبوت ہے – انھوں نے عربی زبان کی معیاری اور شگفتہ ادبی کتاب کا اردو ترجمہ اسی معیار کی زبان اور شگفتگی میں کرنے کی کام یاب کوشش کی ہے – میں انہیں اس عمدہ ترجمے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں ، ان کے لیے روشن مستقبل کی دعا کرتا ہوں اور ان کی جانب سے آئندہ مزید عمدہ تصانیف و تراجم کی توقع رکھتا ہوں –

نام کتاب : میں نے رام اللہ دیکھا
مصنف : مرید البرغوثی ، مترجم : نایاب حسن
ناشر : مرکزی پبلی کیشنز ،جوگا بائی ایکسٹنشن ، جامعہ نگر ، نئی دہلی – 25
صفحات : 252 ، قیمت : 400 روپے
ناشر سے رابطہ کے لیے :
موبائل :
+91-9811794821
+91-9811794822
مترجم سے رابطہ کے لیے؛
ای میل :
[email protected]
موبائل :
+91-9560188574
+91-7011079777

You may also like