آگرہ میں ماحول خراب کرنے کی کوشش:5 مزارات پر بھگوا رنگ پوتا گیا

آگرہ:موصولہ اطلاع کے مطابق گزشتہ پیر کی شب آگرہ میں مسلمانوں کے لیے باعث ِ تعظیم پانچ مزارات پر شرانگیزوں کی طرف سے منصوبہ بند طریقہ سے زعفرانی رنگ سے پوت دیا گیا۔ ان تمام واقعات کا تعلق ایم جی روڈ ، تاج گنج ، چھیپی ٹولہ اور پنچ وٹی علاقوں سے ہے۔ یہ بھی قیاس کیا جارہا ہے کہ متھرا میں واقع نندبابا مندر میں مبینہ طور پر2 مسلمان نوجوانوں کی طرف سے نماز کی ادائیگی کے خلاف ردِ عمل تھا ، تاہم پولیس بر وقت الرٹ ہوگئی اور ان پانچ مقامات سے بھگوا رنگ سے قلعی کو مٹادی گئی ہے ۔ پولیس اب ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش میں ہے ۔ پولیس آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال رہی ہے ۔اطلاع کے مطابق شہر میں کسی طرح کی کوئی افواہ نہیں ہے، حالات مکمل طور پر پرُ امن ہیں ۔