ادارہ ادب اسلامی ہند،حلقہ دہلی کی ماہانہ شعری نشست کا انعقاد

نئی دہلی:ادارہ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کی ماہانہ شعری نشست کا انعقاد مرکز جماعت اسلامی ہند کے کانفرنس ہال میں کیا گیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے بعد یہ ادارہ کی پہلی آف لائن شعری نشست تھی۔ اس نشست کی صدارت انتظار نعیم نے کی، جب کہ مہمان خصوصی کے طور پر پروفیسر کوثر مظہری اور مہمان اعزازی کے طور پر مولانا اسحاق عادل نے نشست کو رونق بخشی۔ ادارہ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کی اس نشست میں بزرگ اور نوجوان شعرا کی یکساں شرکت ہوئی اور سب نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کو نوازا۔
نشست کا آغاز جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ہونہار طالب علم عبد الرحمان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نظامت کے فرائض ادارہ ادب اسلامی، حلقہ دہلی کے جنرل سکریٹری عرفان وحید نے انجام دیے اور ادارہ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کے صدر ڈاکٹر خالد مبشر نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر وقار انور، عبد المنان، رحمت النسا، ڈاکٹر محمد اجمل، منظر امام، منزہ شاہ، عائشہ صدیقہ اور شعیب عزیز وغیرہ کے علاوہ درجنوں سامعین موجود تھے۔