اداکارسوشانت راجپوت خودکشی معاملے کی تفتیش تیز

اداکارسوشانت راجپوت خودکشی معاملے کی تفتیش تیز

ممبئی:ممبئی پولیس نے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں تفتیش تیز کردی ہے۔ اس کے لئے تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ادھرباندرا پولیس سوشانت کی گرل فرینڈ’ ریا‘ سے دوبارہ پوچھ گچھ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سوشانت کے تین میں سے دو کمپنیوں میں ’ریا ‘ڈائریکٹر ہیں۔ ریا کا بھائی شویک چک ورتی ایک کمپنی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ پہلی انکوائری کے دوران ریا نے مالی سودے کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی تھی۔ سوشانت نے اپنی آمدنی کا ایک بڑا حصہ تینوں کمپنیوں میں لگایاتھا۔اس کیس کی تفتیش کے لئے تشکیل دی گئی تین ٹیموں میں سے ایک بالی ووڈ کے اقربا پرور حلقہ میں تفتیش کرے گی۔ دوسری ٹیم سوشانت کے قریبی رشتہ داروں ، کنبہ کے افراد اور فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد سے تفتیش کرے گی، جو اس کے ساتھ کام کرتے تھے ، تیسری ٹیم ان دونوں کے تعاون سے سوشانت کے ڈپریشن میں رہنے کی وجوہات کی تفتیش کرے گی۔اس سے قبل جمعرات کے روز سوشانت کی گرل فرینڈ’ریا ‘سے 11 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔پولیس اس معاملہ میں سوشانت کی سابقہ گرل فرینڈ انکیتا لوکھنڈے سے بھی پوچھ گچھ کرسکتی ہے۔ انکیتا نے سوشانت کی موت کے بعد اپنے کنبہ کے افراد سے بھی ملاقات کی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشانت کے اہل خانہ نے ریا کو آخری الوداعی میں شرکت نہ کرنے کا کہاتھا، وہ سوشانت کی لاش دیکھنے اسپتال گئی ، جہاں سے آخری رسومات کے لئے نعش لے جائی جارہی تھی ۔اس سے قبل جمعرات کو ریا نے سوشانت کے ساتھ تعلقات رکھنے کا اعتراف کیا تھا۔ اس نے پولیس کو یہ بھی بتایا تھا کہ دونوں جلد ہی ایک گھر لینے والے تھے ،اور 2020 کے آخر تک اس کی شادی ہونے والی ہے۔ ستمبر 2019 میں فلم ’دل بیچارہ ‘مکمل کرنے کے بعد سوشانت میںڈپریشن کے آثار شروع ہوگئے۔ ریا کے مطابق وہ خود سوشانت کو ڈاکٹر کے پاس لے گئیں اور سوشانت کا علاج شروع کروایا تھا ۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*