اچھا استاد ہمیشہ اپنے طلباء وطالبات کے بہتر مستقبل کی فکر میں لگا رہتا ہے:پروفیسراسلم جمشید پوری

شعبۂ اردو،چو دھری چرن سنگھ یونیورسٹی میں یوم اسا تذہ کے مو قع پرشاندار پروگرام کا انعقاد
میرٹھ:شعبۂ اردو ،چو دھری چرن سنگھ یو نیورسٹی کے پریم چند سیمینار ہال میں یوم اسا تذہ کے موقع پر ایک شاندارپروگرام کا انعقاد ہوا۔پروگرام کی صدارت کے فرائض پروفیسر اسلم جمشید پوری نے ادا کیے۔ جبکہ نظامت کے فرائض شعبہء کے طالب علم فیضان ظفر اور سیدہ مریم نے مشترکہ طورپر کی۔ پروگرم کا آغاز پی ایچ ڈی کے طالب علم محمد نوید خان نے تلاوتِ کلام پاک سے کیابعد ازاںمعاشرے میں استاد کے کردار کی وضاحت کرتے ہو ئے صدر شعبہء اردو پروفیسر اسلم جمشید پوری نے کہا کہ اس دنیا میں ماں باپ کے بعد استاد ہی بچوّں کی تعلیم وتربیت کے ذریعہ ملک کو ترقی یافتہ شکل میں ڈھالنے کا کام کرتے ہیں۔اپنے صدارتی خطبے میں پروفیسر اسلم جمشیدپوری نے کہا کہ اچھا استاد ہمیشہ اپنے طلباء وطالبات کے بہتر مستقبل کی فکر میں لگا رہتا ہے۔ آج اچھے اساتذہ کی کمی ہے۔ایک اچھا استاد ہی اپنی کوششوں کے ذریعہ طلبہ کے مستقبل کو روشن کر سکتا ہے۔معاشرے میں پھیلی برائیوں کو دور کر سکتا ہے۔ڈاکٹر ارشاد سیانوی نے کہا کہ معاشرے میں اساتذہ اور طالبِ علم کے بیچ دوریاں بڑھ گئی ہیں ان دوریوں کو کم کرنے کی آج بہت سخت ضرورت ہے۔ جب بھی ایک کامیاب استاد کا تذکرہ سامنے آتا ہے تو ایسے اسا تذہ میں پروفیسر اسلم جمشید پوری کا نام ذہن میں گھومنے لگتا ہے۔ شعبہء اردو کے طلباء و طالبات نے ایک ناٹک ’’تکرار‘‘ پیش کیا ۔ کچھ طلبہ و طالبات نے نعت ، نظم، غزل، تقاریر پیش کیں ۔ اساتذہ کی خدمات میں تحفے پیش کئے۔اس موقع پر ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ وطلبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔