نئی دہلی(پریس ریلیز):اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ جامعہ ملیہ اسلامیہ بہ اشتراک ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ ،نئی دہلی کی جانب سے آج مؤرخہ ۳۱؍ مئی ۲۰۲۲ء کو ہفت روزہ ورکشاپ کے اختتامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدار ت پروفیسر شہزاد انجم ،اعزازی ڈائریکٹر،اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ ،جامعہ ملیہ اسلامیہ ،نئی دہلی نے فرمائی ۔انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ جامعہ کے بانیان نے جامعہ کی ترقی و بہبود میں ایثار وقربانی کی غیرمعمولی مثال پیش کی ہے۔ا ن بزرگوں کی بیش بہا خدمات کے مطالعہ سے واضح ہوتاہے کہ انھوں نے جامعہ کی ترقی کے لیے اپنی زندگیاں وقف کردی تھیں۔ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ جس خلوص، ایمانداری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ہمارے بزرگوں نے جامعہ کی خدمت کی ہے ہم ان کی پیروی کریں اور جامعہ کی فلاح اور اس کی ترقی کے لیے اپنی زندگی وقف کردیں۔اختتامی اجلاس کے مہمان خصوصی جناب مولانا انعام اللہ فلاحی (کوآرڈینیٹر درسیات) مرکزی تعلیمی بورڈ ،نئی دہلی نے اپنی تقریر میں شرکائے ورکشا پ کے تعاون کی ستائش کی اور امید ظاہر کی آئندہ بھی شرکائے ورکشاپ کا بیش قیمت تعاون حاصل رہے گا۔ اس موقع پر اکادمی برائے اردو اساتذہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے شرکائے ورکشاپ کو توصیفی اسناد تقسیم کیں۔ ڈاکٹر حنا آفریں،کوآرڈینیٹر ورکشاپ نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔ ڈاکٹر نوشاد عالم کے ہدیہ تشکر کے ساتھ اختتامی اجلاس اختتام پذیر ہوا ۔اس قومی ورکشاپ میں جو اساتذہ ، ماہرین اور رسرچ اسکالر ز شریک ہوئے ان کے اسمائے گرامی درج ذیل ہیں۔
محترمہ عائشہ رحمن ،ڈاکٹرخالد مبشر، جناب شفیق عالم ندوی،جناب عبدالرحمن، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹرخان محمد رضوان، ڈاکٹرعلام الدین ،ڈاکٹر سعود عالم،ڈاکٹر عبداللہ منیر العالم،ڈاکٹر آس محمد صدیقی، ڈاکٹر آفتاب احمد منیری،ڈاکٹر تجمل حسین ، ڈاکٹر شہنواز حیدر،جناب اقبال حسین اور جناب محمد ضیا ء المصطفیٰ ۔