قرآن مجید دنیا کی واحد کتاب ہے جس کے فہم کی غیر معمولی کوششیں ہوئی ہیں اور دنیا کی تقریباً تمام زبانوں میں اس کے ترجمے کیے گئے ہیں اور تفسیریں لکھی گئی ہیں ۔ اکیسویں صدی میں اس کام میں تیزی آئی اور مختلف زبانوں میں ترجمے اور تفسیریں منظرِ عام پر آئیں۔ اردو زبان بھی اس معاملے میں خوب مالامال ہے ۔ گزشتہ چند برسوں میں اس میں متعدد ترجمے کیے گئے ہیں اور تفسیریں طبع ہوئی ہیں ۔ ان میں وہ تفسیریں بھی ہیں جو طبع زاد لکھی گئی ہیں اور وہ بھی جو عربی زبان سے ترجمہ کی گئی ہیں ۔ دو برس قبل مشہور اخوانی داعیہ و مصنفہ زینب الغزالی کی تفسیر ‘نظرات فی کتاب اللہ’ کا اردو ترجمہ طبع ہوا تھا ۔ اب شیخ عائض القرني کی مختصر اور آسان تفسیر ‘التفسیر المیسّر’ کا اردو ترجمہ منظر عام پر آیا ہے ، فالحمد للہ علی ذلک ۔
ڈاکٹر عائض القرني (ولادت 1960) کا تعلق سعودی عرب سے ہے ۔ وہ معروف عالم دین ، صاحب طرز ادیب ، باکمال مصنف اور بہترین شاعر ہیں۔ دعوتِ اسلامی کے میدان میں ان کا بڑا نام ہے۔ انھوں نے درجنوں کتابیں تالیف کی ہیں ۔ ان کی کتاب ‘لا تحزن’ کا ترجمہ دنیا کی بہت سی زبانوں میں ہوچکا ہے ، جن میں اردو بھی شامل ہے ۔ ان کی اس تفسیر کو بھی بہت مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ اس کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں بہت آسان ، سادہ اور عام فہم زبان استعمال کی گئی ہے ۔ علما کے اقوال ، اختلافات اور کلامی و فقہی بحثوں سے گریز کیا گیا ہے ، ساتھ ہی اختصار بھی ملحوظ رکھا گیا ہے۔ ہر آیت کی مختصر اور سادہ تفسیر اس انداز میں کی گئی ہے کہ قرآن کا پیغام واضح ہوجائے ، اصلاح اور دعوت کے پہلو نمایاں ہوجائیں اور تذکیر و تزکیہ حاصل ہوجائے ۔
اس تفسیر کا اردو ترجمہ کرنے کی توفیق اور سعادت برادر مکرم ڈاکٹر محمد طارق ایوبی کو حاصل ہوئی ہے۔ موصوف علی گڑھ میں دار العلوم ندوۃ العلماء کی شاخ مدرسۃ العلوم الاسلامیہ کے عمید (مہتمم) اور اس کے ماہ نامہ ندائے اعتدال کے مدیر ہیں۔ اس کے توسّط سے ان کے قلم کی جولانیاں عرصہ سے جاری ہیں۔ کئی طبع زاد کتابوں کی تصنیف کے علاوہ متعدد عربی کتابوں کا ترجمہ کرچکے ہیں ۔ مسلسل مشق و مزاولت سے ان کا قلم بہت رواں دواں اور سلیس ہوگیا ہے ۔ اس تفسیر کا ترجمہ بھی انھوں نے بہت سلیس اور شگفتہ زبان میں کیا ہے۔ اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ یہ ایک آسان عربی تفسیر کا آسان اردو ترجمہ ہے۔ ترجمہ کے علاوہ بھی ایوبی صاحب نے اس میں کئی قابلِ ذکر کام کیے ہیں ، مثلاً ہر سورہ کی ابتدا میں مختصر تعارفی نوٹ لکھا ہے ، جس سے سورہ کا پس منظر اور موضوعات و مباحث واضح ہوجاتے ہیں۔ بعض مقامات پر معانی کی مزید وضاحت کے لیے تعلیقات کا اضافہ کیا ہے _ ابتدا میں ایک مبسوط مقدمہ شامل کیا ہے ، جس سے قرآن کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔
حال میں شائع ہونے والی قرآن مجید کی اردو تفسیروں میں یہ ایک قیمتی اور قابلِ قدر اضافہ ہے۔ اس کے اختصار اور زبان کی سلاست نے اس کی افادیت کا دائرہ بہت وسیع کردیا ہے۔ امید ہے کہ اس سے بڑے پیمانے پر استفادہ کیا جائے گا۔
___________
آسان تفسیر قرآن
شیخ عائض القرني
تعلیق و ترجمہ : ڈاکٹر محمد طارق ایوبی ندوی
واٹس ایپ :9897776652
ای میل : [email protected]
ناشر : ہدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس ،نئی دہلی
بڑی تقطیع، صفحات :1224، ہدیہ : ایک ہزار روپے
واٹس ایپ :9891051676-91+
ای میل : [email protected]