ملبورن :ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں ہی اپ سیٹ ہو گیا، نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔سری لنکا کی ٹیم 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 108رنز بنا سکی۔سری لنکا کی جانب سے کپتان ڈاسن شناکا نے 29 اور بھانوکا راجا پاکسے نے 20 رنز بنائے۔نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے تھے۔نمیبیا کی طرف سے جان فرائیلنک اور جے جے سمٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔جے جے سمٹ نے ناقابل شکست 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جان فرائیلنک نے 44 رنز بنائے۔واضح رہے کہ سری لنکا نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز 2 مرحلوں میں ہوں گے، پہلے مرحلے میں آج 2 میچز ہو رہے ہیں۔ایونٹ کا پہلا میچ سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان اس وقت کھیلا گیا جبکہ دوسرا میچ نیدر لینڈ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان کھیلا جائے گا۔پہلے مرحلے میں 2 گروپس میں تقسیم 8 ٹیمیں سپر 12 راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی جہاں 8 ٹیمیں اپنی رینکنگ کی بنیاد پر پہلے ہی موجود ہیں۔