7 مارچ کو بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں متھن چکرورتی،موہن بھاگوت سے کرچکے ہیں ملاقات

نئی دہلی:مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ قریب آرہی ہے۔ دریں اثنا کہا جارہا ہے کہ فلم اداکار اور ٹی ایم سی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ متھن چکرورتی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متھن چکرورتی 7 مارچ کو کولکاتہ کے بریگیڈ گراؤنڈز میں ہونے والی پی ایم مودی کی ریلی میں بھی شریک ہوں گے۔بتادیں کہ متھن چکرورتی کے بی جے پی میں شامل ہونے کولے کر پچھلے کئی دنوں سے قیاس آرائیاں جاری تھیں، لیکن آج یہ قیاس آرائیاں اس وقت ختم ہوگئیں جب متھن چکرورتی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ 7 مارچ کو بی جے پی میں شامل ہونے کولکاتہ پہنچ رہے ہیں۔80 کی دہائی کے ڈسکو ڈانسر بوائے کے نام سے مشہور متھن ڈا حال ہی میں اس وقت سرخیوں میں آئے جب سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے 16 فروری کو اپنی رہائش گاہ پر متھن چکرورتی سے ملاقات کی۔ تب سے قیاس آرائیوں کا بازار گرم تھا۔
اس سے قبل متھن چکرورتی سال 2019 میں ناگپور میں سنگھ ہیڈ کوارٹرز بھی گئے تھے۔ پھر انہوں نے سنگھ ہیڈ کوارٹر میں تقریبا تین گھنٹے گزارے اور سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت سے بھی ملاقات کی۔ متھن چکرورتی نے خراب صحت کی وجہ سے سن 2016 میں راجیہ سبھا سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس سے پہلے شاردا چٹ فنڈ کمپنی کے اسکینڈل میں ان کا نام سامنے آیا تھا۔ متھن چکرورتی شاردا چٹ فنڈ کے برانڈ ایمبیسیڈر تھے ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انہیں نوٹس بھیجا تھا۔اب ایک بار پھر متھن چکرورتی سیاست میں انٹری لے رہے ہیں۔ 7 مارچ کو وہ کولکاتہ کے بریگیڈ گراؤنڈز میں ہونے والی وزیر اعظم مودی کی ریلی میں بھی شریک ہوں گے۔ تاہم ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے، اس لئے اس میں بھی شک ہے کہ آیا وہ سیاست میں مکمل طور پر متحرک رہیں گے یا نہیں۔