تازہ ترین سلسلہ(06)
فضیل احمد ناصری
استاذحدیث وفقہ جامعہ امام محمدانورشاہ دیوبند
تدبیــر سے ناواقف، تکفیر سے عاری ہے
امت کی قیادت بھی، حالات کی ماری ہے
مودی کی "زیارت "سے یہ راز کھلا ہم پر
چڑھتے ہوے سورج کا، مسلم بھی پجاری ہے
ہیں خاکِ حرم والے، اضداد کا مجـمــوعــہ
اپنوں سے ہیں بے گانے، اغیــار سے یاری ہے
کافر ہو، مسلماں ہو، دونوں کی روش یکساں
موہن بھی جــواری ہے، خالد بھی جـواری ہے
جس رنگِ تعصب سے، اسلام نے روکا تھــا
اب اس کی نحوست سے، گجـراتی، بہاری ہے
ہے گرم و جواں اب بھی، ہر کشمکشِ باطل
بوجہل بھی زندہ ہے، تلبیس بھی جاری ہے
یہ روگ ہے مہلک تر، کچھ سوچ علاج اسکا
یہ "موتِ جگر "گویا، تدفین تمہاری ہے
اخــــلاص و اخـــوت ہو، اسلامی حمیت ہو
اک مردِ مسلماں بھی سو لاکھ پہ بھـاری ہے