5برسوں میں 200نگر وَن قائم کیے جائیں گے:جاؤڈیکر

نئی دہلی:عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر آج حکومت نے اعلان کیاہے کہ ملک بھر میں آئندہ 5برسوں کے دوران عوامی توجہ ازسرنومرکوزکر کے اور عوام کو محکمہ جنگلات، میونسپل اداروں، غیر سرکاری تنظیموں، کارپوریٹ اداروں کے ساتھ تعاون واشتراک کا موقع دیا جائے گا اور عام شہری بھی اس کام میں شامل ہوں گے اور اس طریقے سے ملک بھر میں 200شہری جنگلات یا نگر وَن قائم ہوسکیں گے۔عالمی یوم ماحولیات (ڈبلیو ای ڈی)، ہر سال 5جون کو منایا جاتا ہے۔ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت ، اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کے مطابق اعلان کردہ موضوع کے لحاظ سے اس دن تقریبات کا اہتمام کرتی ہے اور متعدد تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ اس سال کا عنوان یا موضوع حیاتیاتی گونا گونی یا تنوع ہے۔ کووڈ-19 وبائی مرض کے پھوٹ پڑنے کے نتیجے میں پیدا ہوئی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت نے اس سال عالمی یوم ماحولیات کی ورچوول تقریبات کو نگر ون (شہری جنگلات)، کے موضوع کے تحت منانے کافیصلہ کیاہے۔شہری جنگلات کے موضوع پر بہترین طریقہ ہائے کار سے متعلق ایک بروشر جاری کرتے ہوئے نیز نگروَن اسکیم کااعلان کرتے ہوئے ، ماحولیات کے وزیرپرکاش جاوڈیکر نے کہاہے کہ یہ جنگلات شہروں کے پھیپھڑے کے طور پر کام کریں گے اور بنیادی طورپر شہروں میں جنگلات کی زمین پر ہی واقع ہوں گے یا پھر مقامی شہری بلدیاتی اداروں کے ذریعے فراہم کرائی گئی کسی دیگر خالی زمین یا قطعہ آراضی پر بھی یہ جنگلات لگائے جا سکتے ہیں۔ اس سال کے موضوع پر زور دیتے ہوئے یعنی فطرت کے لیے وقت کی بات اجاگرکرتے ہوئے،جس میںحیاتیاتی تنوع پر خصوصی توجہ مرکوزہوگی،جاوڈیکرنے کہاہے کہ پختہ اصول یہ ہے کہ اگر ہم فطرت کا تحفظ کریں گے، تو فطرت بھی ہماراتحفظ کرے گی۔