تازہ ترین سلسلہ(05)
فضیل احمد ناصری
استاذحدیث وفقہ جامعہ امام محمدانورشاہ دیوبند
یہ صحنِ چمن ہم نے خوں دے کے سنوارا ہے
کہتے ہیں مگر ظالم، کیا اس میں تمہارا ہے؟
دعوت کے نظریے سے عالم کو اگر دیکھیں
کعـبہ بھی ہمـارا ہے، لنــدن بھی ہمارا ہے
اس ملک پہ صدیوں تک ہم نے بھی حکومت کی
بتلاے کوئی ہم نے مظــــلوم کو مارا ہے؟
بوجہـــــــلِ زمانہ کـو یہ اوج نہ مل پاتا
افسوس کہ گردش میں ملت کا ستارہ ہے
توحید کے نغمے ہم مسجد کے مناروں سے
سو بار پــــکاریں گے، سو بـــار پـــکارا ہے
ہو جاے اگر ہم میں پھر جوشِ عـمر پیدا
دیکھوگے ہمارا پھر عالم پہ اجارا ہے
ہم بدر و احد والے طوفاں سے نہیں ڈرتے
اســــلام کے بیٹوں کا اللہ سہــارا ہے
اے قومِ مسلماں تم پھر دین کو لوٹ آؤ
ظالم کی حکومت بھی قدرت کا اشارا ہے