Home قومی خبریں اردو اکادمی دہلی کا 32 واں اردو ڈرامافیسٹول اختتام پذیر

اردو اکادمی دہلی کا 32 واں اردو ڈرامافیسٹول اختتام پذیر

by قندیل

آخری دن ڈراما ’رابعہ ‘کو ناظرین نے بے حد پسند کیا
نئی دہلی:محکمۂ فن،ثقافت والسنہ خطہ قومی راجدھانی، حکومت دہلی، اردو اکادمی دہلی کے زیر اہتمام سری رام سینٹر، صفدر ہاشمی مارگ، منڈی ہاؤس نئی دہلی میں 32 ویں چھ روزہ اردو ڈراما فیسٹول آج اختتام پذیرہوگیا۔ گزشتہ دنوں کی طرح آج بھی ناظرین کی بڑی تعداد پہنچی اور ڈرامے کوپسندکیا اور فن کاروں کی پیش کش کو سراہا۔ڈراما فیسٹول کے آخری دن پرینکا شرما کی ہدایت میں سلی سولس فاؤنڈیشن تھیٹر گروپ نے محمد علیم کا تحریر کردہ ڈراما ’’ رابعہ ‘‘ پیش کیا۔ڈراما ’’رابعہ ‘‘میں رابعہ کا مرکزی کردار پرینکا شرما نے ادا کیا۔ اس کے علاوہ نکیتا راوت (بھابھی)، شوبھا بھاردواج (امی)، وکاس بہاری (ابو)، تانیہ (چھوٹی رابعہ)، روبینہ سیف (چاچی)، کوکب فرید (مولانا)، شعیب تیاگی (کبیر میاں)، کپل سہراوت (زاہد)، انشو، مانیا، روبینہ، عالیہ (پڑوسن) اور یشوی مہرا، پنیت آنند، راہل چوہان، سنجیو، محمد علیم وغیرہ نے بہت خوبصورت انداز میں کردار نگاری کے جوہر دکھائے۔ڈراما ایسا اثرانگیز تھا کہ مجمع پر سکوت طاری ہو گیا اورناظرین آبدیدہ ہوگئے۔
ڈراما شروع ہونے سے قبل اطہر سعید نے ہدایت کار، تخلیق کار اور ڈراما ’’رابعہ‘‘کا مختصراً تعارف کرایا اور ڈرامے کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ ڈراما ادب کا بہت اہم حصہ ہے اور ادب نے ہمیشہ سماج کو آئینہ دکھایا ہے، تھیٹر نے ہمیشہ سچائی کی ترجمانی کرنے کی کوشش کی ہے۔
32واں چھ روزہ اردو ڈرامافیسٹول یکم مارچ کو شروع ہوا تھا ، جس کا اختتام آج ’’رابعہ‘‘ کی پیشکش کے ساتھ ہوا ۔اس فیسٹولمیں لمحوں کی ملاقات،بدذا ت ،آذر کا خواب، جون ایلیا کا جن،اکیلی اوررابعہ کے نام سے شاندار ڈرامے پیش کیے گئے ،سبھی ڈراموں میں ناظرین کی کثیر تعداد موجود رہی اور ڈرامے کے اداکاروں کا حوصلہ بڑھایا۔ اس اعتبار سے سبھی ڈرامے بہت مقبول ہوئے اور پسند کیے گئے۔
اس موقع پر ڈراما ’’رابعہ ‘‘ کے تخلیق کار محمد علیم نے ڈرامے کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذہب نے ہمیں جو اختیارات دیے ہیں ہماری سوسائٹی کو چاہیے کہ وہ ان کو ادا کرنے کی ترغیب دے اور ازدواجی زندگی کے سلسلے میں مذہب نے جو اختیارات دیے ہیں انھیں پورا کرنے کی بھی کوشش کرنی چاہیے۔ہم نے اس ڈرامے میں یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ اپنی آواز بلند کرنا سیکھیں ۔ہدایت کار پرینکا شرما نے ڈرامے کی پیش کش کے لیے اردو اکادمی دہلی اور حکومت دہلی کا شکریہ ادا کیا۔
ڈرامے کے اختتام پر اردو اکادمی، دہلی کے سینئر اکاؤنٹس آفیسر کلبھوشن اروڑا نے ڈرامے کی ہدایت کار پرینکا شرما اور اس ڈرامے کے تخلیق کارمحمد علیم کو گلدستہ پیش کرکے خیر مقدم کیا۔
ناظرین میں پروفیسر محمد کاظم، حسن ربانی، ڈاکٹر فرمان چودھری، ارشاد سکندر، زاہد اور ریشماں فاروقی وغیرہ بطور خاص موجود تھے۔

You may also like

Leave a Comment