30 جون تک ویکسین نہیں لگوائی تولگ سکتاہے تالا ، گجرات حکومت کی کاروباری اور نجی اداروں کوکھلی وارننگ

احمدآباد:ملک بھر میں تیزی سے کورونا ویکسینیشن پر زور دیا جارہا ہے۔ گجرات حکومت نے ریاست کے ان شہروں میں تمام کاروباری اور نجی اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ 30 جون تک اپنے تمام ملازمین کو ٹیکہ لگوادیں ۔ ریاستی حکومت نے متنبہ کیا ہے کہ اس حکم کی تعمیل نہ کرنے والے کاروبار اور نجی ادارے بند کردئے جائیں گے۔ ریاست کے دوسرے شہروں میں اس کی معیاد 10 جولائی تک ہے۔محکمہ اطلاعات گجرات کے بیان کے مطابق وہ شہر جہاں اس وقت ریاست میں نائٹ کرفیو نافذ ہے، ان تمام شہروں میں واقع کاروباری اور نجی اداروں کے منتظمین، مالکان اور دیگر ملازمین کے لئے یہ ٹیکہ 30جون تک لازمی طور پر لگانا ہے۔دیگر شہروں میں اس کی آخری تاریخ 10 جولائی تک ہے۔گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی کی زیرصدارت کور کمیٹی کے اجلاس میں ریاست کے 18 شہروں میں نائٹ کرفیو کے نظام کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ریاست کے 36 شہروں میں نائٹ کرفیو نافذ تھا۔ چیف سکریٹری انیل مکیم کے مطابق اجلاس میں 8 بلدیاتی علاقوں سمیت ریاست کے 18 شہروں میں نائٹ کرفیو کے نظام کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 18 شہروں میں اس نظام کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ نیا حکم ریاست میں نائٹ کرفیو کے سلسلے میں 27 جون سے لاگوہوجائے گا۔جن شہروں میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ ہوگا۔ ان میں احمدآباد، راج کوٹ، وڑودرا، سورت، بھائو نگر، گاندھی نگر، جام نگر، جوناگڑھ، واپی، انکلیشور، والساد، نوساری، مہاسنا، بھروچ، پاٹن، موربی، بھج اور گاندھی نگر شامل ہیں۔