تمہید
انٹرنیٹ کے انقلاب کا مثبت و منفی اثر ہر شعبہ حیات کو محیط ہے،علم وتحقیق کے میدان میں بھی اس نےتاریخ ساز کردار ادا کیا، ان گنت کتابوں اور بے شمار لائبریریوں کو اپنے دامن میں سمیٹ کر انٹرنیٹ علوم و فنون کا بحر بیکراں بن چکا ہے، اور ہر دم ہر لحظہ ترقی پذیر ہے_زیر نظر مقالہ میں ہم ان اہم ترین ویب سائٹس کا تعارف پیش کریں گے جن پر کثیر تعداد میں اسلامی علوم و فنون سے متعلق اہم کتابوں کا نایاب علمی ذخیرہ موجود ہے،جو بحث و تحقیق کے لیے انتہائی کارآمد اور مفید ہیں ۔
مکتبہ شاملہ:علوم اسلامیہ کا بہترین ذخیرہ
عالم عرب کے کمپیوٹر کی فیلڈ سے وابستہ ماہرین کی ایک شاہکار کاوش”المکتة الشاملة” ہے، مکتبہ شاملہ علوم اسلامیہ میں امہاتِ کتب پر مشتمل ایک جامع ڈیجیٹل لائبریری ہے، جس میں علوم اسلامیہ اور عربی ادب کی کم و بیش7000 /سات ہزار کتابیں موجود ہیں، ان کتب میں ایک بڑا ذخیرہ پرائمری سورسز پرمشتمل ہے، یہ وہ نایاب کتابیں ہیں جن تک عام قاری کی رسائی بہت مشکل تھی، مکتبہ شاملہ نے اسے قارئین کی استفادہ کے لیےمفت دستیاب کرایا ہے- یہ پروگرام عرب دنیا میں تخلیق کیا گیاہے اسی وجہ سے اس میں عرب اسکالرز کی جدید تحقیقات و مقالات اور مجلات بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں اور مزید کتب بھی آئے دن ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہوتی رہتی ہیں ۔
بعض اداروں نے شاملہ میں اپنی طرف سے کتابیں شامل کر کے ایک لاکھ سے زائد کتب پر مشتمل مکتبہ شاملہ تیار کرلیے ہیں،جبکہ کچھ ویب سائٹس اس کا پریمیم ورژن بھی پیش کرتی ہیں جو اکثر قیمتا حاصل کرنا ہوتا ہے، اس میں اسٹینڈرڈ ورژن کے علاوہ بھی بے شمار کتب موجود ہوتی ہیں اور بعض اہم کتب کے نادر نسخے بھی شامل ہوتے ہیں اور اکثر کتابوں کی پی ڈی ایف بھی شامل ہوتی ہیں۔
المکتبۃ الوقفیہ :تعارف اور خصوصیات
عربی زبان میں آن لائن پی ڈی ایف کتابوں کا عظیم ذخیرہ مکتبہ وقفیہ ہے، اسلامی علوم و فنون سے متعلق اہم ترین کتابیں اس ویب سائٹ پر بلامعاوضہ دستیاب ہیں،اسلامیات میں ریسرچ کرنےوالوں کے لیےیہ ایک بہترین مرکزہے،خاص طور پر مکتبہ شاملہ میں موجود تمام کتب کی پی ڈی ایف فائل یہاں سے مل جاتی ہےبلکہ بہت سی اضافی کتابیں بھی پی ڈی ایف فارمیٹ میں مل جاتی ہیں، جوابھی تک شاملہ پر موجود نہیں ہیں۔
مکتبہ وقفیہ کی عظیم لائبریری میں تلاش کےطریقے بہت آسان ہیں ہوم پیج پر”البحث العام” کے ذریعہ کتابوں، مخطوطات اور مجلات وغیرہ میں تلاش کیا جاسکتا ہے، جبکہ "عنوان الکتاب”کے ذریعہ موضوعاتی تلاش بھی ممکن ہے، مکتبہ وقفیہ پر موضوعات کا تنوع باحثین کے لیے بہت کارآمد ہے، ہر موضوع سے متعلق کتنی کتابیں ویب سائٹ پر دستیاب ہےان کی تعداد مذکور ہے، تاریخ اسلام، تاریخ یورپ،تاریخ افریقہ اور سعودی عرب کی تاریخ سے متعلق بہت سی اہم کتابیں دستیاب ہیں، مکتبہ وقفیہ کا ایک خاص امتیاز مخطوطات ہیں، تقریبا پچاس سے زائد عنوانات کے تحت ہزاروں مخطوطات ویب سائٹ کی زینت ہیں، جن تک رسائی اس ویب سائٹ کے بغیر آسان نہیں ہے۔
علم دین ڈاٹ کام /مکتبہ جبریل
مکتبہ جبرئیل اردو میں اسلامی کتب کا بڑا اور نہایت کارآمد سافٹ ویر ہے، جس میں تفسیر، حدیث، فقہ، فتاوی، درس نظامی، ادب عربی، تاریخ اسلامی اور دیگر اسلامی علوم و فنون سے متعلق کتابوں کا اہم ذخیرہ ہے، جہاں مطالعہ، تلاش، تحقیق اور تخریج کی بہترین سہولیات دستیاب ہیں۔
مکتبہ جبریل کی بنیادی خصوصیات
1) اس میں کتاب کی تلاش کے تینوں طریقے( کتاب کے نام، مصنف اور عنوان کے اعتبار سے) نہایت آسان کرکے ڈیجیٹائز کیے گئے ہیں جس سے ہزاروں کتابوں میں سے مطلوبہ کتاب تک باآسانی رسائی ممکن ہے۔
2) ویب سائٹ پر موجود کتب کی کسی بھی اردو و عربی عبارت تک "تلاش( SERCH)” کے ذریعہ باآسانی پہنچا جا سکتا ہے بلکہ ایک مضمون کو مذکورہ بالا تمام کتابوں میں بیک وقت تلاش کیا جا سکتا ہے ۔
3)کسی بھی آیت کی تفسیر تک بیک وقت تمام تر موجود تفاسیر میں چند سیکنڈوں میں رسائی ممکن ہے۔
4) سافٹ ویر سے کسی بھی کتاب کو نکالنے(EXPORT) کرنے کی سہولت موجود ہے اسی طرح کچھ مخصوص صفحات یا مخصوص مواد کو نقل(COPY&PASTE) کیا جا سکتا ہے۔
مکتبہ جبریل میں تحقیقات
تحقیقات کا آپشن اس ویب سائٹ کی اہم پیش رفت ہے، حتی کہ حددرجہ وسائل کا حامل "مکتبہ شاملہ” بھی ان خصوصیات سے لیس نہیں، یہی وہ آپشن ہے جو مکتبہ جبریل کو مکتبہ شاملہ سے ممتاز کرتا ہے، جب ایک محقق اپنی کسی تحقیق پر کام کرنا چاہتا ہے، تو یقینا اسے سینکڑوں مصادر و مراجع کی طرف رجوع کرنا پڑتا ہےاور ہزارہا صفحات کے مطالعہ کے بعد وہ کچھ صفحات میں اپنی تحقیقات جمع کرتا ہے، مکتبہ جبرئیل میں اس مقصد کوپورا کرنے کے لیے بدرجہ اتم حکمت عملی اور ورژننگ کی گئی ہے، جس میں اولا ان ضروریات (کا گہرائی و گیرائی سے مطالعہ کیا گیا، جو دوران تحقیق ایک محقق کو رہتی ہے، اس کے بعد ان کی تنفیذ (IMPOCE) بہت بہتر انداز میں کی گئی ہے۔
کتا ب و سنت ڈاٹ کام/ محدث لائبریری
کتا ب و سنت ڈاٹ کام اردو زبان میں اسلامیات سے متعلق کتابوں کو پی، ڈی، ایف فائل بنا کر ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے والا مقبول ادارہ ہے،اس ویب سائٹ کی انفرادیت یہ ہے کہ ہر موضوع سے متعلق کتابوں کو علحیدہ فولڈر میں رکھا گیا ہے، جس سے ریسرچر کو اپنے موضوع سے متعلق کتابیں ایک جگہ دستیاب ہو جاتی ہیں، اس ویب سائٹ کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے قارئین یا وزیٹرس کی تعداد 6 کروڑ 65 /لاکھ سے زیادہ ہے 2008ء سے روزانہ بتسلسل نئی کتابیں اپلوڈ کیے جانے کا سلسلہ جاری وساری ہے۔
دس ہزار سے زیادہ کتابیں پی، ڈی، ایف فارمیٹ میں ویب سائٹ پر موجود ہیں،جن کی فری ڈاؤن لوڈنگ اور آن لائن مطالعہ کی سہولت موجود ہے،کسی بھی کتاب کو ویب سائٹ پر تلاش کرنے کے لیے چار طرح کی سہولت موجود ہے، کسی بھی کتاب کو اس کے نام، مصنف کے نام، ناشر، یا نمبر کے ذریعے تلاش کیا جاسکتا ہے۔
معرفت لائبریری
معرفت ڈاٹ کام اردو اسلامی کتابوں کی اہم ای لائبریریوں میں سے ایک ہے، جہاں بلامعاوضہ پی ڈی ایف میں کتابیں ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہیں، ویب سائٹ اشتہارات سے خالی اور پر کشش ہے، معرفت لائبریری میں تلاش کے دو طریقے دیےگیے ہیں، کتاب کے نام سے اور مصنف کے نام سے کتابوں کو سرچ کیا جاسکتا ہے۔
کتابوں کو مختلف خانے میں ترتیب سے رکھا گیا، ویب سائٹ پر 13680/ کتابیں اپ لوڈ کی جاچکی ہیں، تقریبا 800/ کتابیں قرآن و حدیث سے متعلق ہیں، مختلف شخصیات کی سوانح حیات سےمتعلق 11/سوسے زائد کتابیں ہیں، 9/سوکتابیں تصوف کےخانے میں ہیں، سیرت اور تاریخ کی اہم کتابوں کی تعداد پانچ سو سے زیادہ ہے، 9/ہزار سے زیادہ کتابیں جنرل خانے میں ہیں، شاید ابھی ان کتابوں کو کسی خاص خانے میں شامل کرنا باقی ہے، اس میں عقائد، تفسیر، اور تاریخ کی کتابیں بکثرت موجود ہیں۔
کتابوں کی تلاش کو آسان بنانے کے لئے تمام کتابوں کے نام اور ان کے مصنفین کے نام انگلش میں بھی لکھے گئے ہیں- معرفت لائبریری ٹیم کا بنیادی مقصد ہر وقت، ہر شخص تک علم کی رسائی کو آسان بنانا ہے، اس کے لیے پوری ٹیم ممکن حد تک کوشاں ہیں ۔
ریختہ: ای بکس
ریختہ ہندوستان کا ایک ادبی پورٹل ہے جہاں اردو ادب، شاعری، نثر اور اردو کتابوں کا ایک بڑا ذخیرہ ہے، جن میں اسلامیات، زبان و ادب کی تاریخ، ثقافتی تاریخ اور ہندوستان کی تاریخ سے متعلق آپ کئی اہم کتابیں دستیاب ہیں- ریختہ پر کتابوں کی تلاش کو آسان بنانے کے لئےاسے مختلف خانوں میں تقسیم کیا گیا ہے، مثلا تاریخ، اسلامیات، ناول، شاعری وغیرہ تمام کتابوں کی فہرست اور مصنفین کی فہرست بھی دی گئی ہے۔
ریختہ پر کتابوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے اور مسلسل مزید کتابوں کا اضافہ جاری ہے؛ اگرچہ ریختہ کا بنیادی موضوع اردو ادب اور اردو شاعری ہے پھر بھی اسلامیات، تاریخ، تصوف اور اسلامک اسٹڈیز سے متعلق کچھ نایاب کتابیں یہاں موجود ہیں جو آن لائن کہیں اور دستیاب نہیں ہیں ۔
ریختہ پر کتابیں مطالعہ کی سہولت موجود ہے، جس کے لیے لاگ ان کرنا ہوتا ہے؛البتہ دیگر ویب سائٹس کی طرح پی ڈی ایف فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت موجود نہیں ہے مزید یہ کہ ریختہ پر اردو غزلوں کو دیوناگری اردو اور رومن رسم الخط میں پیش کیا جاتا ہے، بہت سے شاعروں کی غزلیں ان کی زبان میں موجود ہیں ساتھ ہی اردو لغت ان بلٹ ہے جس سے کسی بھی لفظ کا معنیٰ جاننا بہت آسان ہے۔
تجزیہ و خاتمہ
علوم اسلامیہ میں تحقیقات کی اہم ویب سائٹس کا تذکرہ کرتے ہوئے میں نے بالخصوص ان ویب سائٹس کا ذکر کیا ہےجس پر اردو و عربی میں اسلامک اسٹڈیز سے متعلق ڈیٹا واپس مقدار میں موجود ہے، اختصار کے پیش نظر انگلش لائبریری کا ذکر نہیں کیا گیا ہے-مکتبہ شاملہ، مکتبہ وقفیہ، مکتبہ جبریل، کتاب و سنت لائبریری، معرفت لائبریری، ریختہ بکس اور اسلام 360 اردو و عربی زبان میں ریسرچ اسکالرس کے لئے بہت مفید اور کارآمد ڈیٹابیس ہے ۔
مذکورہ ہر لائبریری کی کچھ خوبیاں اور کچھ خامیاں ہیں،ان کے درمیان تقابل وتجزیہ سے یہ بات کھل کر سامنے آتی ہے،مثلا شاملہ اور وقفیہ دونوں میں قرآن و حدیث و متعلقات پر مشتمل قدیم مصنفین کی عربی کتابوں کاعظیم ذخیرہ ہے، جبکہ مکتبہ جبریل میں جدید دور کے علمائے برصغیر کی اردو تصنیفات زیادہ ہیں،اسی طرح شاملہ، وقفیہ اور مکتبہ جبریل میں کتابوں کے اندر عبارتوں میں سرچ کی سہولت موجود ہے؛لیکن "کتاب و سنت لائبریری” "معرفت لائبریری” میں یہ ممکن نہیں ہے،یہ بڑا فرق ہے اس لیے کہ عبارتوں میں تلاش کےذریعہ محقق اپنے مطلوبہ موادتک انتہائی آسانی سے پہنچ جاتا ہے-اسی طرح ریختہ ای بکس میں دقت یہ اسے ڈاؤن لوڈ کر کے محفوظ نہیں کر سکتے اور زیادہ تر کتابیں اردو ادب و شاعری سے متعلق ہیں۔