بی جے پی کے خلاف 2019میں اپوزیشن پارٹیوں کی قیادت کریں گے :راہل گاندھی
(نئی دہلی ،10؍دسمبر (قندیل نیوز
کانگریس صدر کے عہدے پر راہل گاندھی کی تاجپوشی تقریبا طے ہونے کی وجہ سے تمام اپوزیشن جماعتوں کا خیال ہے کہ وہ بی جے پی کو مرکز کی سیاست میں سخت ٹکر دینے اور علاقائی جماعتوں کوساتھ لے کر چلنے میں اپنی ماں اور موجودہ پارٹی صدر سونیا گاندھی کی طرح ہی کارگر ثابت ہوں گے۔ان پارٹیوں کا خیال ہے کہ گجرات انتخابات میں اگر کانگریس کے حق میں’اچھے نتائج‘آئے تو وہ اپوزیشن کے اتحاد میں ایک نئی توانائی پیدا کرے گی۔کچھ اپوزیشن لیڈروں کا یہ ماننا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اوپر اس بات کا دباؤ ہے کہ اگر وہ مل جل کر الیکشن نہیں لڑیں گے تو ان کے وجود پر خطرہ آ سکتا ہے۔لہٰذا راہل کو اپوزیشن کے اتحاد قائم کرنے میں زیادہ دقت نہیں آنی چاہئے۔راہل گاندھی کانگریس صدر کے عہدے کے لئے واحد امیدوار رہ گئے ہیں۔11 دسمبر کو پارٹی صدر کے عہدے کے لئے نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہے۔پارٹی آئین کے مطابق، اس کے بعد ہی نئے صدر کے منتخب ہونے کا اعلان کیا جائے گا۔راہل کے کانگریس صدر بننے کے رسمی اعلان سے پہلے ہی آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور ایس پی صدر اکھلیش یادو نے اعلان کر دیا ہے کہ انہیں راہل کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہے۔اپوزیشن اتحاد قائم رکھنے میں راہل کتنے کارگر ہوں گے۔اس سوال پر ڈی ایم کے لیڈر تروچ شیوا نے کہاکہ راہل گاندھی ایک ذہین نوجوان لیڈر ہیں۔وہ کانگریس کے لئے قابل قدرآور ثابت ہوں گے۔سونیا گاندھی کی ہی طرح راہل گاندھی کے بھی ان کی پارٹی اور اس کی قیادت کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔