12ویں بورڈکے امتحانات پرسی بی ایس ای اورحکومت کی میٹنگ

نئی دہلی: کورونا کی وجہ سے ملتوی ہونے والے امتحانات کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے سی بی ایس ای بورڈاورحکومت کی میٹنگ آج ہوئی۔ اس میٹنگ میں تمام ریاستوں نے امتحانات کے انعقادکے لیے اپنے خیالات اور مشترکہ تجاویز پیش کیں۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے امتحانات منسوخ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ امتحانات جولائی میں ہوسکتے ہیں ، جس کا باضابطہ اعلان مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریالال نشانک 01 جون کو کریں گے۔میٹنگ میں دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر کے خطرے کے پیش نظر امتحانات نہیں کروائے جائیں ۔ اس کی بجائے پہلے نمبروں کی بنیاد پر طلبا کو ترقی دی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بہتر ہوگا اگر امتحانات سے قبل بچوں کوویکسین دی جائے۔اس سے قبل بورڈ نے حکومت کے سامنے امتحانات کے انعقادکے لیے دو تجاویز پیش کی تھیں۔ پہلی تجویزامتحانات کے طرز کو تبدیل کرنے اور صرف 1.5 گھنٹے امتحان لینے کی تھی۔ دوسری تجویزصرف اہم مضامین کے امتحانات لینے اور باقی مضامین میں بچوں کو داخلی امتحانات کی بنیاد پر پاس کرنے کی تھی۔ بیشتر ریاستیں امتحانات کے انعقادپرایک ہفتے میں محکمہ تعلیم کے سامنے اپنی حتمی رائے رکھیں گی۔ وزیر تعلیم نشانک اس فارمیٹ کے بارے میں معلومات دیں گے جس میں امتحانات کا انعقاد ہوگا ، یہ کب اور کیسے ہوگا۔ ممکن ہے کہ بورڈکے امتحانات پچھلے سال کی طرح جولائی کے مہینے میں بھی ہوں گے۔