12سال کے محمدریحان نے چار ماہ میں پورا قرآن حفظ کرلیا

پرتاپگڑھ:ضلع کے موضع گلرہ سے تعلق رکھنے والے محمد ریحان نے لاک ڈاؤن کے دوران کڑی محنت اور لگن سے صرف چار ماہ اور اٹھارہ دن میں مکمل قرآن کریم حفظ کرنے کا ایک بڑا کارنامہ انجام دیا ، ایسی مثال شاذ ہی سننے کو ملتی ہے ۔ عام طور پر دو سے تین سال بچے قرآن حفظ کرنے میں لگا دیتے ہیں، ریحان کی عمر ابھی صرف 12 سال نو ماہ ہے۔ ریحان کے والد جناب محمد حسیب صاحب نے بتایا کہ ریحان رات کو چار بجے نماز فجر سے کافی پہلے اٹھ جاتا اور اپنا سبق وغیرہ یاد کرتا، جب کہ ہم لوگ سوتے رہتے۔ ریحان کے استاذ نے بتایا کہ ابتداءاً ریحان تین چار صفحات، پھر پانچ چھ صفحات اور اخیر میں 12، 13 صفحات سنایا کرتا تھا، اگر کسی دن کسی وجہ سے مدرسہ کے ٹائم میں سبق وغیرہ نہ سنا پاتا تو شام تک جس جگہ بھی اپنے استاد کو پاتا اپنا سبق اور آموختہ وغیرہ سنانا شروع کر دیتا۔ ریحان سلمہ کو قرآن حفظ کرنے کی بڑی لگن تھی.
بچے کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اشرف علی قاسمی نے بچے کے اس عظیم کارنامے پر اس کے والدین اسی طرح اساتذۂ کرام کو مبارکباد پیش کی۔ اس تقریب کا انعقاد مبارک فاؤنڈیشن نے کیا تھا، فاؤنڈیشن نے بچے کی حوصلہ افزائی کے لیے تحائف بھی پیش کیے ۔