جھارکھنڈ: 10 ویں کلاس میں 96فیصدنمبر حاصل کرنے والے طالب علم کے دونوں گردے فیل،وزیر اعلی ہیمنت سورین نے کی مدد

نئی دہلی:جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین جو سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں ،ٹویٹر پر اپنی فوری مدد کے لئے جانے جاتے ہیں۔ حال ہی میں سورین نے ایک ایسے بچے کی مدد کی جس کے دونوں گردے ناکام ہوگئے ہیں۔ نکھل نشچل نامی طالب علم نے اس سال 96 فیصد نمبروں کے ساتھ دسویں جماعت کا امتحان پاس کیا۔ نشچل کو گردے کی بیماری ہے۔ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں ایک طالب علم نکھل علاج کے لئے مدد کی اپیل کر رہا ہے۔ بوکارو کا رہائشی نکھیل ایک قابل طالب علم ہے۔ ویڈیو میں نشچل کہہ رہا ہے کہ اس کے دونوں گردے ناکام ہوچکے ہیں، لیکن وہ آئی آئی ٹیئن بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ اس کے لئے اسے صحتمند رہنے کی ضرورت ہے، لہٰذا اس نے علاج کے لئے مدد طلب کی ۔ نکھیل نے بتایا کہ اس سے قبل کچھ لوگوں نے اس کی مدد کی ہے، اس کے لئے انہوں نے مدد کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔جب یہ ویڈیو وائرل ہوا تو ایک یوزرنے وزیر اعلی ہیمنت سورین کو ٹیگ کیا تاکہ اس کیس کے بارے میں معلومات ان تک پہنچے۔ صارف نے جھارکھنڈ کے وزیر صحت بنّا گپتا، وزیر تعلیم جگرناتھ مہتو، ایم ایل اے سیتا سورین اور بوکارو ڈی سی کو بھی ٹیگ کیا۔اطلاع ملنے کے بعد وزیر اعلی ہیمنت سورین نے وزیر صحت بنّا گپتا کو بوکارو کے ڈی سی کے ہمراہ اس معاملے کی تحقیقات کرنے اور نکھل نشچل کی مدد کرنے کی ہدایت کی ۔ واضح رہے کہ ہیمنت سورین اپنے والد شیبو سورن کی طرح لوگوں سے براہ راست رابطہ رکھنے میں یقین رکھتے ہیں۔ دسمبر 2019 میں دوسری بار جھارکھنڈ کے وزیر اعلی بننے والے ہیمنت سورین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر لوگوں کی کئی بار مدد کی ہے۔