۱۰نومبر کو نتیش کی رخصتی طے،بی جے پی اور ایل جے پی کی حکومت بنے گی:چراغ پاسوان

دربھنگہ:بہارکے دربھنگہ ضلع میں چراغ پاسوان نے کہاہے کہ نتیش کمار کی وداعی 10 نومبر کو طے ہے۔ بہار میں بی جے پی اور ایل جے پی کی حکومت بننے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار جیل جارہے ہیں۔ جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے چراغ پاسوان نے کہاکہ نتیش کمار کی رخصتی 10 نومبر کومقرر ہے۔ بہار میں بی جے پی اور ایل جے پی کی حکومت تشکیل دی جائے گی۔ حکومت بنتے ہی بہار میں گھوٹالوں کی تحقیقات کی جائیں گی۔ اگر اس تحقیقات میں وزیراعلیٰ نتیش کمار قصوروار ثابت ہوئے تو انہیں بھی جیل بھیج دیا جائے گا۔نتیش کمار پر ذات پات کی سیاست کا الزام لگاتے ہوئے چراغ پاسوان نے کہا کہ نتیش کمار نے بہار میں ذات پات کی جنگ کا آغاز کیا۔ آپس میں لڑائی جھگڑے کا کام کیا گیا ۔ بہار کے لوگ دوسری ریاستوں میں کام کرنے جاتے ہیں اور وہاں نام کماتے ہیں۔ دوسری ریاستوں میں صحت کی اچھی خدمات ہیں ، روزگار کے مواقع ہیں ، نئی فیکٹریاں قائم کی جاتی ہیں ، پھر بہار میں یہ سب کیوں نہیں ہوسکتا ہے۔ 73 سال بعد بھی بہار پسماندہ ہے۔چراغ پاسوان نے کہا کہ نتیش کمار ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ نتیش کا کہنا ہے کہ بہار میں ترقی ہوئی ، جبکہ سچائی یہ ہے کہ کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ۔ لوگ بنیادی سہولیات کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ ہر اسکیم میں کرپشن کی جاتی ہے۔ بی جے پی اور ایل جے پی کی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی نتیش کمار کے خلاف انکوائری کی جائے گی۔