Home قومی خبریں کرپشن میں ہندوستان81ویں نمبر پر

کرپشن میں ہندوستان81ویں نمبر پر

by قندیل

نئی دہلی:22؍ فروری (قندیل نیوز)
بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ٹرانس پیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ کی مانیں تو بدعنوانی کو لے کرہندوستان کے سرکاری شعبے کی شبیہہ دنیا کی نگاہ میں اب بھی خراب ہے۔ویسے 2015 کے مقابلے میں حالات کو بہتر بنانے کے اشارے ہیں۔ادارے کی تازہ رپورٹ گلوبل کرپشن انڈیکس -2017میں ملک کو 81ویں مقام پر رکھا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال کی رپورٹ میں ہندوستان79ویں نمبر پر تھا۔بدعنوانی کے خلاف حکومتوں کو ایک مضبوط پیغام دینے کے مقصد سے 1995میں شروع کئے گئے اس انڈیکس میں 180ممالک کے حالات کا تعین کیا گیا ہے۔اس میں صحافیوں، کارکنوں اور اپوزیشن رہنماؤں کے لئے کام کی آزادی جیسی کسوٹیا ں بھی اپنائی جاتی ہیں۔انڈیکس تیار کرنے کے لئے ممالک کو مختلف کسوٹیو ں پر 0 سے 100 پوائنٹس کے درمیان پوائنٹس دیئے جاتے ہیں۔سب سے کم پوائنٹس سب سے زیادہ کرپشن ہونے کا اشارہ سمجھا جاتا ہے۔اس بار کی فہرست میں ہندوستان کو 40 پوائنٹس دیئے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے ہی برابر ہی ہیں مگر2015 کے بعد حالات میں بہتری آئی ہے اس وقت ہندوستان کو 38 پوائنٹس دیے گئے تھے۔ٹرانس پیرنسی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ پورے ایشیا پیسیفک شعبے میں کچھ ممالک میں صحافیوں، کارکنوں، اپوزیشن رہنماؤں اور یہاں تک کہ قانون نافذ کرنے والے اورایجنسیوں کے حکام تک کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔کہیں کہیں حالات ایسے خراب ہوجاتے ہیں کہ ان کا قتل تک کر دیا جاتا ہے۔رپورٹ میں کمیٹی ٹو پرٹیکٹ جرنلسٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان ممالک میں چھ سال میں 15ایسے صحافیوں کا قتل ہو چکا ہے جو بدعنوانی کے خلاف کام کر رہے تھے۔اس معاملے میں ہندوستان کا مقابلہ فلپائن اور مالدیپ جیسے ممالک کے ساتھ کیاگیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں ملک بہت ہی خراب ہے۔ بدعنوانی کے معاملے میں ان ممالک کے پوائنٹس زیادہ ہیں اور ان میں پریس کی آزادی نسبتا کم اور یہاں صحافیوں کی ہلاکتیں بھی زیادہ ہوئی ہیں۔اس فہرست میں نیوزی لینڈ اور ڈنمارک 89 اور 88 پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہیں۔دوسری طرف شام، سوڈان اور صومالیہ بالترتیب 14، 12 اور 9 پوائنٹس لے کر سب سے نیچے ہیں۔اس فہرست میں چین 77ویں، برازیل 96 ویں اور روس 135 ویں مقام پر ہیں۔

You may also like

Leave a Comment