Home قومی خبریں چندر شیکھرمولانا ارشد مدنی سے ’آشرواد ‘ لینے دیوبند پہنچے

چندر شیکھرمولانا ارشد مدنی سے ’آشرواد ‘ لینے دیوبند پہنچے

by قندیل


بند کمرے میں ہوئی ملاقات کو لیکرسیاسی قیاس آرائیاں تیز
دیوبند۔۱۸؍ستمبر(ایس۔ چودھری)بھیم آرمی کے بانی چندر شیکھر آزاد نے آج مدنی منزل پہنچ کر مولانا سید ارشد مدنی سے ’آشرواد ‘ لیا ، بھلے ہی یہ ملاقات غیر سیاسی ہو مگر اس کو لیکر سیاسی تبصرے شروع ہوگئے ہیں۔ چندر شیکھر آزاد نے آج شام دیوبند پہنچ کر جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ،جہاں والہانہ انداز میں مولاناسید ارشد مدنی نے گلے لگاکر چندر شیکھر آزاد کا استقبال کیا اور ان کے سرپر ہاتھ رکھ کر انہیں ’آشرواد‘دیتے ہوئے وداع کیا۔ اس دوران حالانکہ چند رشیکھر آزاد میڈیا سے بچتے رہے لیکن دونوں رہنماؤ کے درمیان تقریباً نصف گھنٹے تک بند کمرے میں ملاقات ہوئی ۔جیل سے رہائی کے بعد چندر شیکھر کی مولانا سید ارشد مدنی سے ملاقات کئی دنوںسے چرچا میں تھی ،حالانکہ آج ملاقات کے دوران میڈیاکو کچھ خاص ہاتھ نہیں آیاہے ۔ بعد میں چند رشیکھر آزاد نے میڈیا کو بس اتنا ہی بتایاکہ وہ دیوبند میں مولانا سید ارشد مدنی سے ملاقات کرنے اور ان کا ‘آشرواد‘لینے کے لئے آئے ہیں ۔ چندر شیکھر آزاد میڈیا کے سوالات سے پوری طرح بچتے نظر آئے،مگر انہوںنے کہاکہ تمام دبے کچلے طبقات کو ایک ساتھ لانا اور انہیں متحد کرنا ان کا مقصد ہے اور اسی کے تحت وہ یہاں آئے ہیں۔ این ایس اے تحت تقریباً ڈیڑھ سال جیل میں گزارنے کے بعد گزشتہ ہفتے جیل سے رہائی ہونے کے بعد چندر شیکھر آزاد مسلسل بی جے پی کو نشانہ بنارہے ہیں اوروہ لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کو کراری شکست دینے کی بات کہہ چکے ہیں،جس کے لئے وہ مہاگٹھہ بندھن کی مکمل حمایت کرینگے اور مولاارشد مدنی سے ان کی یہ ملاقات آئندہ لوک سبھا انتخابات کے ضمن میں ہی دیکھی جارہی ہے۔ مایاوتی سے بوا بھتیجے کے رشتہ والے سوال پر چندر شیکھر پوری طرح میڈیا سے بچتے رہے اور انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا ، چھٹمل پوری میں دلت مسلمانوں کے درمیان معمولی بات کو لیکر ہوئی مارپیٹ کو انہوں نے خاندانی معاملہ بتاتے ہوئے کہاکہ دلت دلت آپس میں بھی لڑتے ہیں اور یہ معاملہ بھی اسی طرح کا ہے،ہمارا مقصد دبے ،کچلے تمام طبقات کو متحد کرنا ہے اور اسی مقصد کے تحت مذہبی و سماجی رہنماؤ سے ملاقات کی جارہی ہے۔ بند کمرہ میں نصف گھنٹے مولانا اورچندر شیکھر کے درمیان کیا بات چیت ہوئی اس کی کسی کو بھنک نہیں لگی ہے مگر ذرائع کا کہناہے مولانا سے موجودہ حالات اور آئندہ لوک سبھا انتخابات پر بات چیت کے ساتھ ساتھ دہلی میں منعقد ہونے والے بھیم آرمی کے کسی پروگرام میں مولانا کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ آج دیوبند میں ہوئی چندر شیکھر آزاد اور مولانا سید ارشد مدنی کی ملاقات کے سیاسی حلقوں میں کئی معنی نکالے جارہے ہیں کیونکہ جہاں چندر شیکھر آزاد 2019ء میں بی جے پی کو سگنل ڈزٹ میں لانے کی بات کررہے ہیں وہیں مولانا سید ارشد مدنی بھی بی جے پی کی کھل کر مخالفت کرتے رہے ہیں۔ اس دوران بھیم آرمی صدر ونے رتن،منجیت نوٹیال،سشیل جیسوال،دھلی صدر سرجیت سمراٹ ایڈوکیٹ، ڈاکٹر ولی محمد،نیٹو شاملی،سابق وزیر ددّو پرساد ،مولانا قمر الٰہی مظاہری،سلمان چودھری ہاپوڑ،اسعداللہ اجمیری گنگوہ،مفتی احمد گوڑ، اجے گاندھی، توفیق احمد جگی سمیت بھیم آرمی کے کثیر تعداد میں کارکنان اور عہدیدا ن موجودرہے۔

You may also like

Leave a Comment