Home نقدوتبصرہ عربی ادبیات کے اردوتراجم (تحقیق وتنقید)

عربی ادبیات کے اردوتراجم (تحقیق وتنقید)

by قندیل


تصنیف: ڈاکٹرابراراحمداجراوی
ناشر: ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس، نئی دہلی
قیمت: 325روپے

مبصر: امیرحمزہ
رسرچ اسکالر دہلی یونیورسٹی، دہلی
دنیا میں کون سی زبان ترجمے کے اعتبار سے فوقیت حاصل کر تی ہے، وہ عہد عہد کی بات ہوتی ہے،جیسے آج کے دور میں جب انگریز ی بادشاہت کا تاج پہنے ہوئی ہے، ایسا ہی ایک وقت تھا،جب عربی لسان العالم سمجھی جاتی تھی،تو اس وقت عربی زبان سے دیگر زبانوں میں خوب ترجمے ہو ئے اور ابھی بھی قدیم کتب سے کافی ہورہے ہیں یا استفادہ کیا جا رہا ہے؛ لیکن جب اردو میں تراجم کی نمبر شماری کی جاتی ہے، تو اس کو بالکل نظر انداز کر دیا جاتا ہے، جیسا کہ زیرنظرکتاب کے مصنف ڈاکٹر ابرار احمد اجراوی کتاب کے ابتدا ئی صفحات میں جس کو آپ مقدمہ سمجھ سکتے ہیں جو ”قطرہ “ کے عنوان سے ہے، اس میں وہ لکھتے ہیں ”اردو میں تراجم کی جو فہرست تیار کی جاتی ہے، اس میں غیر متعلقہ زبانوں کے تر جموں کا نمایاں اور جلی حروف میں تذکرہ ہوتا ہے ، مگر عربی اردو ترجموں کا باب جانے انجانے گول کر دیا جاتا ہے ۔ حالاں کہ اردو میں ابتدائی زمانے میں جو ترجمے ہوئے ہیں،وہ انگر یزی سے نہیں ، عربی فارسی سے ہوئے ہیں ۔حد تو یہ ہے کہ وضاحتی کتابیات اور فہارسِ کتب میں بھی عربی ترجموں کے حوالے سے ڈنڈی ماری گئی ہے “ ۔موصوف اس ناانصافی سے اتنے نالاں ہیں کہ کتاب میں کئی مقامات پر ان کی گفتگو اور تحریر کا یہ اسلوب پڑھنے کو ملتا ہے ۔

کتاب کو مصنف نے تین ابواب میں تقسیم کیا ہے ۔ اگر یہ تقسیم نہ کر تے، تب بھی کتاب اتنی ہی معنی دار ہوتی، جتنی تقسیم پر ہے، دراصل یہ بات اس لیے کہہ رہا ہوں کہ سندی تحقیق کا جو اسلو بِ تحریر و پیش کش ہوتا ہے، وہ باب وار ہوتا ہے اور اس میں بھرتی کی چیز یں بھی ہوتی ہیں یا سمجھ لیا جاتا ہے کہ پہلے ، دوسرے اور تیسرے باب میں تمہیدات ہی ہوں گی اور آخر ی باب میں جا کر معنی مطلوب پر بات کی گئی ہوگی اور وہ بھی شا ید تکر ار سے پر ہوگی؛ لیکن موصوف پہلے باب کے متعلق لکھتے ہیں ” یہ باب گر چہ بھر تی والے عنوان سے موسوم ہے ، مگر ہم نے جس تناظر میں گفتگو کی ہے اس کے سبب یہ کہا جاسکتا ہے کہ دوسری کتابوں کے اس جیسے باب سے اس کی مشابہت و مجانست نہیں ۔“ اور وہ اس لیے نہیں کہ پہلے باب میں ترجمہ کا فن اور خصائص و امتیاز کے تحت ” تر جمہ کا تصور و تناظر“ اور ” تعریف و تقسیم“ پیش کرتے ہیں ۔اس میں مصنف موصوف کا نظر یہ کچھ یوں ہے” اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بہت سی کتابوں کا اصل متن عوام اور قارئین میں اتنا مقبول نہیں ہوا،جتنی مقبولیت اس کے ترجمے کو ملی۔اس لیے بعض ترجموں کو اصل متن سے بھی بہتر ، دلچسپ اور مؤثر قرار دیا گیاہے “ مثال آپ کے سامنے کلیلہ و دمنہ ، باغ و بہاراور گلزار نسیم کی شکل میں موجود ہے ۔اس باب کے دوسرے جز ” تر جمہ : تعریف اور تقسیم“ میں مصنف نے تعریف بھی خوب پیش کی ہے اور تقسیم سے بھی روشناس کرایا ہے؛لیکن خود مصنف کی شرکت تعریف و تقسیم میں نظرنہیں آتی ہے، البتہ تجزیے میں انہوں نے بھر پور کلام کر نے کی کوشش کی ہے، جس کے لب لبا ب میں وہی لکھا جاسکتا ہے،جو مصنف نے لکھا ہے کہ ” تر جمے میں اگر دونوں زبانوں کی لطافت بر قرار نہ رہے ، توترجمہ ادھورا اور یبوست زدہ معلوم ہوتا ہے،جس سے قاری کی آنکھوں کا رشتہ زیادہ دیر تک قائم نہیں رہتا ۔“
دوسرا باب ” عربی اردو ترجمہ نگاری : سمت و رفتار “ ہے ۔ یہ باب آزادی سے پہلے شاہ رفیع الدین سے شروع ہوتا ہے اور آزادی کے بعد مولانا محمد تقی عثمانی پرختم ہوجاتا ہے ۔ تیسرا باب ” عربی ادبیات کے اردو تراجم “ پر ہے ۔ اس باب کے بھی دو حصے ہیں: پہلا حصہ شعری تراجم پر ہے، جس میں قدیم دواوین سے لے کر جدیدشعری مجموعوں تک کا ذکر ہے ،جس کی تعداد صر ف دس ہے ۔اس کم تعداد پر افسوس ہوتا ہے،اساتذہ شروحات (لفظ بہ لفظ تر جمہ )پر زیادہ متوجہ ہوئے اور ترجمہ نگاری کی جانب توجہ نہیں دی،اگر اسی میں تھوڑی سی محنت اور کرتے تو ابھی اردو میں شعری تراجم کا عظیم ذخیر ہ ہوتا ۔ گزشتہ دنوں ناصرہ شرما کی ایک کتاب چھ جلدوں میں ” ادب میں بائیں پسلی“ نظر سے گزری،اس میں ایک جلد مکمل عرب خواتین کی شاعری پر ہے، جن میں سے اکثر کا تعلق انیسویں اور بیسویں صدی سے ہے ۔ جس میں ان کی شاعری کے ترجمے کوبھی پیش کیا گیاہے لیکن افسوس کہ زبان اردو اور رسم الخط دیونا گری ہے جسے ہم ہندی ہی کہہ سکتے ہیں ۔دوسرا حصہ نثری تراجم پر ہے جس میں سیرت و سوانح کے تحت سیر ت اور سوانحی کتب کا جو ترجمہ اردو زبان میں ہوا ہے،ان کا تعارف و تجزیہ ہے ۔ان میں سے اکثر کتابیں سیرت اور سوانح صحابہ اور کبار علماپر ہیں؛ لیکن آپ کو جان کر خوشی ہوگی کہ ان میں سے ایک کتاب مولانا ابو الکلام آزاد پر بھی ہے جو عربی میں ” ابوالکلام آزاد : المصلح الدینی فی الہند“کے نام سے شائع ہوئی تھی جس کا اردو ترجمہ 1989ءمیں نجم الدین شکیب ندوی نے ” مولانا ابو الکلام آزاد : ایک مفکر ایک رہنما“ کے نام سے کیا ۔خو د نوشت میں صرف پانچ کتابیں ہیں جن کا ترجمہ اردو میں ہوا ہے ۔داستان و حکایت جس کا تعلق عربی سے گہرا رہا ہے؛ لیکن جب تر جمہ پر نظر ڈالتے ہیں،تو اردو میں صرف الف لیلہ اور کلیلہ و دمنہ کے ہی ترجمے سامنے آتے ہیں، جن کے مترجمین اردو میں کئی ہیں ۔ناول اور ناولٹ کے بیس تراجم کا تعارف ہے،ان تر اجم سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عربی ناولوں کے تئیں اردو میں دلچسپی ہے جس کا اظہار ان تراجم سے ہورہا ہے جن کا ذکر مصنف موصوف نے کیا ہے۔ اس کے بعد عربی کے پانچ مشہور ڈراموں کے اردو تراجم کا ذکرہے، جن میں سے تو فیق الحکیم کے تین ڈراموں (سلیمان الحکیم ، اہل الکہف اور شہرزاد ) کا ترجمہ پر وفیسر اسلم اصلاحی نے ہی کیا ہے ۔(ابھی حال ہی میں ” اہل الکہف “ کے نام سے ڈاکٹر احمد القاضی نے پروفیسر ابن کنول کے پچیس افسانوں کا تر جمہ عربی میں کیاہے )۔قصہ اور افسانے میں سے سولہ مجموعوں کا یااردو میں سولہ کتابیں ترجمہ کی شکل میں موجود ہیں، ان میں سے تمام جدید افسانے ہیں سوائے مقامات حریری کے ۔ مجھے لگتا ہے کہ مقامات کے جتنے بھی ترجمے ہوئے ہیں، وہ سب درسی ضروریات کی بنا پرہوئے ہیں، جہاں لفظوں کے تراجم پر زیادہ زور دیا گیا ہے اور لفظی پیچیدگیوں کے حل پر توجہ صرف کی گئی ہے؛ کیونکہ مقامات کے متعلق اگر یہ کہا جائے کہ یہ لفظی پیچیدگیوں والی کتاب ہے تو شاید کوئی مضائقہ نہیں ہوگا ۔سفر نامے سے چار ہیں جن میں سے دو( سفر نامہ ابن بطوطہ ، سفر نامہ ابن جبیر) کا تعلق قدیم اور دو (ہندوستان کا سفر ، ہندوستا ن میری نظر میں ) کا تعلق جدید سفر ناموں سے ہے۔ تنقیدپر صرف چارکتابیں ہیں ۔ شاعری کے بعد اگر عربی میں دیکھا جائے تو تنقید کا ایک عظیم خزانہ موجود ہے؛لیکن افسوس مصنف کو ہے اورمجھے بھی کہ صرف چا رکتابوں ( ادب الجاہلی ، تنقیدا ت طہ حسین ، عربی تنقید کا سفر، میزان نقد ) کا اردو میں تر جمہ ہوسکا ہے ۔ قدامہ بن جعفر ، ابن قتیبہ ، ابن سلام الجمحی ، عبدالقاہر جر جانی، جاحظ ، ابن المعتز ، ابن رشیق القیروانی اور اندلسی دو ر کے عظیم قلمکاروں کی عظیم خدمات اردو میں تر جمہ کی منتظر ہیں جبکہ ان ہی تمام کو مغرب اپنا کر criticsm کا بادشاہ بنا ہوا ہے ۔ گزشتہ دنوں جب میں نظریہ ” معنی المعنی “ کو تلاش کر رہا تھا تو رچرڈ عبدالقاہر سے سیرابی حاصل کرتا ہوا نظر آیا ۔ تنقیدی تہیں جو اب آپ کے سامنے پیش کی جاتی ہیں، ان میں سے اکثر کا ذکر آپ کو مذکورہ با لا کے یہاں پڑھنے کو ملے گا۔ جس کو اب تک ہم مغرب کی دریافت سمجھتے آئے ہیں یا مغرب کے توسط سے پڑھ رہے ہیں،ہوسکتا ہے اس کا عکس آپ کو ان کے یہاں دیکھنے کو ملے کیونکہ اردو والے تو انگریز ی سے استفادہ کرکے کسی نظریہ کے امام تو بن جاتے ہیں لیکن وہی انگر یزی والا اس کو کہاں سے کشید کر رہا ہے اس جانب تو جہ نہیں دیتے ہیں ۔
ادبی تاریخ میں بھی چار کتابیں ہیں اس کے بعد متفرقات،جو کتاب کا آخری حصہ ہے اس میں دس کتابیں بلاغت ، انشائیہ ، خطوط، کارٹون اور لطائف پر ہیں ۔
اس طر ح سے240 صفحات پر مشتمل کتاب تمام ہوتی ہےـ
جناب رکیے کچھ خوبصورت زبان سے بھی مستفید تو ہوتے جائیے،حقانی القاسمی کتاب کے حوالے سےلکھتے ہیں ” اس موضوع کے وسیلہ سے انہوں نے غیر ممسوس منطقہ کی سیاحت کی ہے اور ایک ایسی اجڑی ہوئی کائنات کو آباد کیا ہے،جس میں بہاروں کے بہت سے امکانات پوشیدہ ہیں ۔ انہوں نے عالمی افکارو اقدار سے شناسائی اور بین ثقافتی تر ابط و تعامل کی ایک حسین صورت تلاش کی ہے ۔“

You may also like

Leave a Comment