ہندوستان سے رشتے بہتر بنانے والے بیان پر عمران خان کریں عمل:فاروق عبداللہ

سری نگر:27جولائی(قندیل نیوز)
پاکستان میں ہوئے عام انتخابات میں تحریک انصاف پارٹی کی سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھرنے کے بعد عمران خان کا وزیر اعظم بننا تقریبا طے ہو گیا ہے۔ پاکستان میں تحریک انصاف پارٹی کی غیر متوقع جیت پر نیشنل کانفرنس کے صدر اور جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔فاروق عبداللہ نے میڈیا کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ عمران خان کا ہندوستان کے ساتھ رشتے بہتر کر کے تنازع سلجھانے والا بیان ان کی ذہانت کو ظاہر کرتا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے ہندوستان کے ساتھ رشتے بہتر کرنے کے سلسلہ میں جو بیان دیا ہے اس پر عمل بھی کیا جائے۔بتا دیں کہ عمران خان نے اس سے پہلے بیان دیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے ہندوستان اور پاکستان کو ساتھ آنا چاہئے۔ اگر الزام لگانے کا دور چلتا رہا تو کہیں پہنچنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان ہم آپ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ آپ ایک قدم آگے آئیے ہم بھی آگے آئیں گے۔ اگر فوج شہروں میں جائے گی تو اس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی۔