نئی دہلی22دسمبر(قندیل نیوز)
ہندوستان کے نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیانائیڈو نے کہا ہے کہ تیزی سے ترقی کرتے ہوئی بھارت جیسی وسیع معیشت کو حکومت سے حکومت کے درمیان، کاروباری کمپنیوں سے کاروباری کمپنیوں کے درمیان اور کارباریوں اور صارفین کے درمیان مختلف تقریبات کی میزبانی کے لئے اعلیٰ معیار کے مقامات کی ضرورت ہے۔ وہ آج یہاں پرگتی میدان میں بین الاقوامی نمائش وکنونشن سینٹر (آئی ای سی سی) اور مربوط ٹرانزٹ راہ داری ترقیاتی پروجیکٹ کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر کامرس اور صنعت کے وزیر سریش پربھو اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ دہلی شہر اور این سی آر خطے کو بین الاقوامی معیار کی ایسی جدید سہولیات کی ضرورت ہے جو پوری دنیا کے بڑے بڑے ایونٹس (تقریبات) کو راغب کرسکیں۔ انہوں نے اپنے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کمپلیس دنیا میں بہترین بندوبست والے کنونشن اور نمائشی کمپلیس کے طور پر تیار ہوگا۔ نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ آئی ای سی سی پروجیکٹ بھارت میں بھارتی تجارت کی جڑوں کو مزید مستحکم کرے گا اور بیرونی ملکوں میں بھارتی تجارت کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پچھلے چند برسوں میں اشیاء اورخدمات ٹیکس، میک ان انڈیا، اسٹارٹ اپ انڈیا اور اسٹارٹ اپ فنڈ کے لئے ایک فنڈ، ڈیجیٹل انڈیا اور ایف ڈی آئی نظام میں نرمی جیسی اقتصادی اصلاحات کی ہیں اور ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری کی فضاء4 میں زبردست بہتری پیدا کی ہے جس سے بھارت میں وسیع سرمایہ کاری راغب ہورہی ہے۔