چار سال میں تقریباََ پوری دنیا گھوم چکے پی ایم مودی، خرچ ہوئے 1484کروڑ روپئے

نئی دہلی :
وزیر اعظم نریندر مودی پیر کے روز سے افریقہ کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران پی ایم روانڈا، یوگانڈا اور جنوبی افریقہ جائیں گے۔2014میں وزیر اعظم بننے کے بعد مودی اب تک 84 ممالک کا دورہ کر چکے ہیں۔ اب اس فہرست میں روانڈا، یوگانڈا کا نام بھی شامل ہو جائے گا۔ جبکہ پی ایم دوسری مرتبہ جنوبی افریقہ جا رہے ہیں۔سرکار کے مطابق2014 کے بعد سے وزیر اعظم نریندر مودی کے 84 ممالک کے سفر کے دوران چارٹرڈ فلائٹ، طیاروں کے رکھ رکھاو اور ہاٹ لائن سہولیات پر 1484 کروڑ روپیے خرچ ہوئے ہیں۔غیر ملکی امور کے وزیر مملکت وی کے سنگھ نے آرٹی آئی کے تحت پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں راجیہ سبھا میں یہ اعداد وشمار شیئر کئے تھے۔ واضح ہو کہ پی ایم مودی کے مقابلہ میں سابق پی ایم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے غیر ملکی دوروں پر 9 سال میں 642 کروڑ روپیے خرچ ہوئے تھے۔پی ایم مودی اب تک کی مدت کار میں کل 171 دن غیر ملکی دورں پر رہے ہیں۔ اس طرح بطور وزیر اعظم ان کا 12 فیصد وقت غیر ملکی دوروں میں گزرا ہے۔ بات اگر سب سے مہنگے غیر ملکی دورے کی کریں تو اپریل 2005 میں پی ایم مودی کا فرانس، جرمنی اور کناڈا کا دورہ سب سے مہنگا رہا ہے۔ صرف چارٹرڈ فلائٹ اور ہاٹ لائن سہولت پر 32 کروڑ روپیے خرچ ہوئے۔