پہلے للت، پھر مالیا، اب نیرو بھی ہوا فرار، کہاں ہے ملک کا چوکیدار: راہل گاندھی

نئی دہلی19 فروری ( قندیل نیوز)
پی این بی گھوٹالے پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی حملہ بولا ہے۔ راہل نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ پہلے للت مودی پھر وجے مالیا اور اب نیرو بھی ہوا فرار۔ اس سے پہلے راہل نے پی ایم مودی اور اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے اس معاملے پر بولنے اور گناہگار کی طرح برتاؤ نہیں کرنے کو کہا تھا۔ راہل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ پہلے للت پھر مالیا، اب نیرو مودی بھی ہوا فرار، کہاں ہے’نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا‘ کا نعرہ بلند کرنے والا ملک کا چوکیدار ؟’ صاحب‘ کی پر ا سرار خاموشی کا راز جاننے کے لیے عوام بے قرار ،ان کی خاموشی چیخ چیخ کر بتائے وہ کس کے ہیں وفادار‘ اس سے قبل اتوار کو بھی کانگریس صدر نے اس معاملے پر ٹویٹ کر مودی اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی پر نشانہ لگایا تھا۔ راہل نے گھوٹالے پر پی ایم مودی اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی خاموشی پر سوال کھڑے کئے تھے۔ راہل نے لکھا تھاکہ مودی بچوں کو امتحان پاس کرنے کا طریقہ 2 گھنٹوں تک بتاتے ہیں، لیکن 22.000کروڑ روپے کے سنسنی خیز بینکاری گھوٹالے پر انہوں نے 2 منٹ بھی بولنے پر قادر نہیں ہیں ۔کانگریس صدر نے اپنی ٹویٹس میں آگے لکھا تھا کہ مسٹر جیٹلی بھی چھپے ہوئے ہیں۔ ایک مجرم کی طرح برتاؤ کرنا بند کریں اور کیس پر کچھ بولئے۔ ٹویٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے مودی پر طنز یہ ٹوئٹر ہیش ٹیک #ModiRobsIndia بھی لگایا تھا۔