Home قومی خبریں پروفیسر ابن کنول کے افسانوں کے عربی ترجمہ ’اہل الکہف‘ کی رسم رونمائی

پروفیسر ابن کنول کے افسانوں کے عربی ترجمہ ’اہل الکہف‘ کی رسم رونمائی

by قندیل

ابن کنول کے افسانوں کو پڑھنے کے بعد ہندوستانی اور عربی معاشرہ کی یکسانیت کا اندازہ ہوتا ہے: حاتم تاج الدین
پروفیسر ابن کنول کے افسانوں کے عربی ترجمہ سے عربی دنیا کو ہندوستانی ادب سمجھنے میں مدد ملے گی: حاتم تاج الدین
نئی دہلی۔ 17/ مارچ(قندیل نیوز)شعبہ عربی دہلی یونی ورسٹی کی طرف سے دہلی یونی ورسٹی میں پروفیسر ابن کنول کے منتخب افسانوں کے ترجمہ کی تقریب رونمائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مصر کے سفیر حاتم السعید تاج الدین نے کہا کہ پروفیسر ابن کنول کے افسانوں کے عربی ترجمہ سے عربی دنیا کو ہندوستانی ادب سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ابن کنول کے افسانوں کو پڑھنے کے بعد ہندوستانی اور عربی معاشرہ کی یکسانیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ کتاب کے مترجم پروفیسر احمد عبدالرحمان القاضی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف دہلی یونی ورسٹی کے ہی نہیں مصر میں اور عالم عرب میں پورے ہندوستان کے سفیر ہیں۔ انہوں نے اس کتاب کی رونمائی کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے پروفیسر ابن کنول اور اور شعبہ عربی کے اساتذہ وطلبا کو مبارکباد پیش کیا۔ پروفیسر زبیر احمد فاروقی نے ’اہل الکہف‘ کی اشاعت پر مصنف اور مترجم دونوں کو مبارکباد کا نذرانہ پیش کیا۔کتاب کے مترجم پروفیسر احمد القاضی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ابن کنول کے افسانے اگرچہ ہندوستانی سماج اور معاشرہ کو پیش کرتے ہیں مگر ان حالات اور واقعات کو کسی بھی سماج اور معاشرہ پر منطبق کیا جاسکتا ہے۔ یہاں تک کہ ترقی یافتہ معاشرہ بھی ان مشکلات اور پریشانیوں سے خالی نہیں ہے جس کو افسانہ نگار نے ان افسانوں میں پیش کیا ہے۔ اس موقع پر پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر حسنین اختر نے ’اہل الکہف‘ کے مترجم پروفیسر احمدعبدالرحمن القاضی کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ اسی دہلی یونی ورسٹی کے طالب علم رہے ہیں۔ انہوں نے یہیں سے اردو میں ایم اے اور پی ایچ ڈی تک کی تعلیم حاصل کی ہے۔ اس وقت وہ جامعہ الازہر میں اردو کے استاد ہیں۔پروفیسر ابن کنول نے کتاب کے ترجمہ کے لیے پروفیسر احمد القاضی کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام میں شرکت کے لئے مصر کے سفیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پروگرام میں پروفیسر عراق رضا زیدی، ڈاکٹر محمد فیاض، پروفیسر کلیم اصغر، پروفیسر علیم اشرف خاں، پروفیسر کفیل احمد قاسمی، پروفیسر غلام مرسلین، پروفیسر حبیب اللہ خاں، پروفیسر شفیق احمد ندوی، پروفیسر محمد نعمان خاں، پروفیسر ولی اختر، پروفیسر ثناء اللہ، پروفیسرفوزان احمد، ڈاکٹر عبیدالرحمن، ڈاکٹر قطب الدین اور ڈاکٹر عزیر احمد کے علاوہ مختلف یونی ورسٹیوں کے اساتذہ اور طلبا کے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت تونیشیا یونی ورسٹی کے پروفیسر بن عامر توفیق نے اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر حسنین اختر نے انجام دیئے۔

فوٹو کیپشن: (دائیں سے بائیں) ڈاکٹر حسنین اختر، پروفیسر ابن کنول، حاتم تاج الدین(مصری سفیر)، احمد القاضی، عامر توفیق، پروفیسر زبیر فاروقی، پروفیسر نعمان خان

You may also like

Leave a Comment