نئی دہلی:27؍جنوری (قندیل نیوز)
ہر طرف سے تنازعات میں گھری سنجے لیلا بھنسالی کی’پدماوت‘نے دو دنوں میں باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا ہے۔تنازعات میں گھری اس فلم کو ناظرین کی بھرپور حمایت مل رہی ہے۔ فلم کی جتنی مخالفت ہو رہی ہے لوگ اتنا ہی اس فلم کو لے کر بے قرار ہو رہے ہیں، یہ باکس آفس کے اعداد و شمار بتلارہے ہیں۔دو دنوں میں اس فلم نے 56کروڑ کمائی کا ہندسہ پار کر لیا ہے۔جب کہ یہ فلم چار ریاستوں میں ریلیز ہی نہیں ہوئی تب ایسی کمائی ہو رہی ہے، اگر یہ فلم پورے ملک میں ریلیز ہوتی پھر تو اعداد و شمار کچھ اور ہی ہوتے۔مارکیٹ اینالسٹ ترن آدرش نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس فلم کی کمائی کو شیئر کیا ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ پدماوت نے جمعہ کو 26جنوری کے دن تقریبا 32کروڑ کی کمائی کی ہے۔اس طرح ریلیز کے دو دن کے اندر ہی اس فلم کی کل کمائی 56 کروڑ ہو گئی ہے واضح رہے کہ فلم نے پہلے دن باکس آفس پر 19کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔اس سے ایک دن پہلے 24 جنوری کو پیڈ اسکریننگ رکھی گئی تھی جس میں اس فلم نے 5کروڑ روپے کما لئے تھے۔اس طرح فلم نے پہلے دن 24 کروڑ کی کمائی کی اور دوسرے دن 32کروڑ کما ئے۔اب دو دنوں میں 56کروڑ کا اعدادوشماراس فلم نے پار کر لیا ہے۔