Home قومی خبریں ٹرمپ کی ہٹ دھرمی شرمناک ،حکومت ہند کاموقف قابل تعریف:ڈاکٹر منظور عالم

ٹرمپ کی ہٹ دھرمی شرمناک ،حکومت ہند کاموقف قابل تعریف:ڈاکٹر منظور عالم

by قندیل

نئی دہلی 23دسمبر(قندیل نیوز)
طاقت وقوت انسانی خدمت ،انصاف کی فراہمی ،ملکی ترقی ،غریبوں کی مدد اور کمزوروں کے تعاون کیلئے دی جاتی ہے ،اس طاقت کا بیجا استعمال ،کمزوروں پر ڈھونس جمانا ،دھمکی دینا اور اپنی مرضی مسلط کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے ،جن لوگوں نے طاقت کے نشہ میں ایسی حرکتیں کی ہیں ان کا انجام بہت عبرتناک ہواہے ، ذلت ورسوائی اور شکست کا سامناکرناپڑاہے اور ان دنوں یہی حال امریکہ کا ہے جس نے طاقت کی بنیاد پر فلسطینوں کو ہمیشہ دبانے کی کوشش کی ،اسرائیل کا ساتھ دیا لیکن عالمی برادری نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دھمکی اور عالمی سیاست میں ا ثرورسوخ ہونے کے باوجود ان کے خلاف فیصلہ کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ انصاف ومساوات سب سے اہم ہے ۔ صرف ڈالر اور طاقت وقوت کی بنیاد پر کسی کے غلط اقدام کو سراہا نہیں جاسکتاہے ۔ان خیالات کا اظہار معروف دانشور اور آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹرمحمد منظور عالم نے ایک پریس ریلیز میں کیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ دنیا نے ٹرمپ کے اعلان کو مستر د کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کی راجدھانی تسلیم کرلیاہے تو ڈونالڈ ٹرمپ کو بھی چاہیئے کہ وہ عالمی قرارداد کا پاس ولحاظ رکھتے ہوئے اس فیصلہ کو تسلیم کریں ۔
ہندوستانی مسلمانوں کے معروف تھنک ٹینک ڈاکٹر منظور عالم نے اس موقع پر حکومت ہند کے موقف کی بھی ستائش کی اور کہاکہ فلسطین کے سلسلے میں پیش کی گئی قرارداد کے حق میں ووٹ دیکر ہندوستان نے یہاں کے اصلی موقف کو باقی رکھاہے جو این ڈی اے سرکا ر کا ایک مثبت اور قابل تعریف قدم ہے ،ہندوستان شروع سے اس قضیہ میں فلسطین کے ساتھ رہاہے اور آئندہ بھی رہنا چاہیئے۔ڈاکٹر عالم نے اس تناظر میں یہ بھی کہاکہ ہندوستان اور امریکہ کے ان دنوں گہرے تعلقات ہیں،امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی قریبی دوست ہیں اس لئے وزیر اعظم صاحب کو چاہیئے کہ وہ ڈونالڈ ٹرمپ پر دباؤ بنائیں اور اخلاقی سطح پر انہیں فیصلہ واپس لینے کیلئے قائل کریں کیوں کہ اقوام متحدہ سے مسترد کئے جانے کے بعد امریکہ کوکوئی حق نہیں رہ گیاہے کہ وہ اب بھی القدس کو اسرائیل کی راجدھانی بنانے کے اقدم پر قائم رہے ۔
ڈاکٹر عالم نے پریس ریلیز میں دارالعلوم وقف دیوبند کے ایک طالب علم پر ہوئے حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اوربی جے پی لیڈران ہمیشہ امن وآشتی کی بات کرتے ہیں لیکن ان کے بھکت اس کے خلاف کررہے ہیں ،موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے تشدد ،انتہاء پسندی اور نفرت میں اضافہ ہورہاہے ۔ڈاکٹر محمد منظور عالم نے سخت لہجہ میں یہ سوال کیا کہ وزیر اعظم اور کے رفقاء کا یہ کوئی کوڈ ورڈ ہے کیا جب بھی وہ ان حملوں کی مذمت کرتے ہیں ان کے بھکتوں کی جانب سے تشدد میں اضافہ ہوجاتاہے اور وہ کھلے عام اقلیتی طبقہ بالخصوص مسلمانوں پر حملہ کردیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک شروع سے آمن وآشتی کا گہوراہ رہاہے لیکن بی جے پی سرکار آنے کے بعد یہاں کی امن وسلامتی ،بھائی چارگی اور قومی یکجہتی ختم ہوگئی ہے ،انتہاء پسند عناصر کھلے عام حملہ کررہے ہیں اور اس کی وجہ ہے حکومت ایسے مجرموں کو سزا نہیں دے رہی ہے ۔ حکومت کو چاہیئے وہ ایسے مجرم کے خلاف سخت اقدام کرے تاکہ ملک میں امن وآشتی اور بھائی چارگی کی فضاء قائم رہے ۔

You may also like

Leave a Comment