سری نگر :13اپریل ( قندیل نیوز )
نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع کٹھوامیں جنوری کے اوائل میں پیش آئے دل دہلانے والے آٹھ سالہ کمسن بچی آصفہ بانو کے عصمت دری اور قتل واقعہ پر اپنی خاموشی توڑ دیں۔انہوں نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا عزت مآب وزیر اعظم صاحب ۔ ایسا کوئی دن نہیں گزرتا جب ہم آپ سے وہ باتیں نہیں سنتے جو آپ کے لئے اہم ہوتی ہیں۔ لیکن کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ آپ اُن چیزوں پر مکمل خاموشی اختیار کرلیتے ہیں جو دوسروں کے لئے اہم ہوتی ہیں۔ براہ کرم آصفہ کے معاملے پر خاموشی اختیار نہ کریں۔ بتادیں کہ جموں کے ضلع کٹھوعہ کے تحصیل ہیرانگر کے رسانہ نامی گاؤں کی رہنے والی آٹھ سالہ کمسن بچی آصفہ بانو جو کہ گجر بکروال طبقہ سے تعلق رکھتی تھی، کو 10 جنوری کو اُس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ گھوڑوں کو چرانے کے لئے نذدیکی جنگل گئی ہوئی تھی۔ اس کی لاش 17 جنوری کو ہیرا نگر میں جھاڑیوں سے برآمد کی گئی تھی۔تاہم وحشیانہ عصمت دری اور قتل کا یہ واقعہ پیش آنے کے قریب تین ماہ بعد قومی میڈیا بالخصوص الیکٹرانک میڈیا نے اس پر بحث و مباحثوں کا سلسلہ شروع کیا۔