Home نعت نعت

نعت

by قندیل


سعودعثمانی

گر ایک شعر بھی مرا شایانِ نعت ہے
پھر تو یہ ساری عمر ہی قربان نعت ہے

سچ یہ ہےساری زیست ہی دیوان نعت ہے
ہر گوشہء حیات میں امکان نعت ہے

تیری کُلاہِ فخر بھی پاپوش ہی تو ہے
جوتے اتار ! دیکھ یہ ایوانِ نعت ہے

رسمی مبالغوں کو پرے رکھ کے بات کر
ثابت تو کر کہ ہاں مجھے عرفانِ نعت ہے

قصے کہانیوں کو کہیں دور جا کے پھینک
سیرت کو نظم کر کہ یہی جانِ نعت ہے

آداب ہیں سکوت کے بھی’ گفتگو کے بھی
دونوں طرح بتا کہ سخن دان نعت ہے

گنتی کے چند لوگ ہیں’ گنتی کے خوش نصیب
حاصل جنہیں طلائی قلم دانِ نعت ہے

مدح نبی تو خود بھی بڑا فخر ہے مگر
مصرعہ قبول ہو تو یہ احسانِ نعت ہے

سب جانثاروں مدح گزاروں کے درمیاں
جگمگ ہے ایک شخص جو حسّانِ نعت ہے

توفیق نعت دی ہے جو تو نے سعود کو
یارب وہ اجر بھی کہ جو شایان ِ نعت ہے

You may also like

Leave a Comment