نئی دہلی:8؍اپریل (قندیل نیوز)
مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے ایک بار پھر بی جے پی اور آر ایس ایس پر جم کر تنقید کی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کو گولی مارنے والے آج ملک میں خوف کا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔اویسی نے کہاکہ ملک میں خوف کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ اس ماحول کو پیدا کرنے میں ان لوگوں، ان قوتوں کا مکمل رول ہے، جنہوں نے مہاتما گاندھی کو گولی ماری تھی اور جنہوں نے ہندوستان کی آزادی میں حصہ نہیں لیا؛ بلکہ انگریزوں کا ساتھ دیا تھا۔ واضح ہو کہ ناتھورام گوڈسے نے 30 جنوری 1948 کو گاندھی جی کا بے دردی سے قتل کردیا تھا جس کے پاداش میں ناتھورام گوڈسے کو پھانسی کی سزا بھی ملی تھی ۔انہوں نے مودی کی طرف سے مسلم خواتین کی حفاظت کو لے کرکئے گئے وعدوں کو فریب قرار دیا، ساتھ ہی پنجاب نیشنل بینک کو کروڑوں کا چونا لگانے والے نیرومودی کے ملک سے فرار ہونے کو بھی لے کر مودی کی تنقید کی ۔ ایک پروگرام میں حیدرآباد کے ایم پی اویسی نے مسلم۔دلت اتحاد پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر 15 منٹ پر ملک میں دلتوں پر ظلم ہوتا ہے، انہیں مارا پیٹا جاتا ہے، دلت کے خلاف کرائم میں 66 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ ہم دلت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، ان کو برسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آج دلت مسلمانوں کی طرف امید کی نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں یقیناًمسلمانوں کو بھی اس سمت اسی محبت کی نظر سے دیکھتے ہوئے ان کو گلے سے لگانا چاہیے ۔