نئی دہلی:14اپریل(قندیل نیوز )
حکیم الاسلام حضرت قاری محمد طیب صاحب کے علوم کے وارث، خانوادۂ قاسمی کے چشم و چراغ، دور حاضر میں مسلک دیوبند کے ترجمان اور دارالعلوم (وقف )کے سرپرست اعلیٰ خطیب ملت مولانا محمد سالم قاسمیؒ کے انتقال پر ملال پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے گہرے رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم پچھلی پون صدی سے درس وتدریس، تصنیف و تالیف، دعوت وتبلیغ اور خطابت میں سرگرم عمل رہے۔اعتدال و توازن اور توسع اور کشادہ نظری ان کا امتیازی وصف تھا۔وہ ملت کے ہر طبقہ میں مقبول اور ہر دلعزیز تھے۔ایسی شخصیت کا داغ مفارقت دے جانا ایک عظیم سانحہ ہے۔مولانا آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر رہے۔اور مدتوں مجلس مشاوت کے صدر اور سیکڑوں دینی اداروں کے سرپرست و نگراں تھے۔مولانا مرحوم کے ہزاروں شاگرد اور خوشہ چیں دنیا کے ہر گوشہ میں پھیلے ہوئے ہیں اور تعلیم و تعلم میں مشغول ہیں جومرحوم کی اخری زندگی کے لئے بڑا سرمایہ ہیں۔
صدر جمعیۃ علماء ہندنے اپنے تعزیتی بیان میں مولانا مرحوم کے پسماندگان اور رفقاء و متعلقین سے تعزیت کی ہے اور جماعتی رفقاء اور اہل مدارس سے مولانا مرحوم کے لئے ایصال ثواب اور بارگاہ رب العزت میں دعاء مغفرت کی اپیل کی ہے۔
مولانا محمد سالم قاسمی کے انتقال پر مولانا سید ارشد مدنی کا اظہارغم
previous post