نئی دہلی:13اپریل(قندیل نیوز)
جماعت اہلحدیث کے بزرگ عالم دین اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سابق ناظم مولانا عبدالوہاب خلجی کی وفات پراپنے دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے معروف عالم دین وممبر پارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے کہاکہ ان کی وفات سے جماعت اہلحدیث ہی نہیں ملک بھر کے مسلمانوں کا خسارہ ہوا ہے ،ہمارے بیچ سے ایسے مخلص قائدین کا اٹھ جانا یقیناً اجتماعی نقصان کا سبب ہے۔مولاناقاسمی نے کہاکہ مرحوم بے شمار علمی و اخلاقی خوبیوں کے مالک تھے،مولانانے کہاکہ ان کے ساتھ ملی کونسل سمیت مختلف محاذوں پر ملک و ملت کے مفاد میں کام کرنے کا موقع ملا،اس دوران میں نے انھیں مسلمانوں کے تئیں نہایت مخلص اور امت مسلمہ کی مشکلات پر فکر مند پایا۔انہوں نے کہاکہ مولانا خلجی اخلاقی اعتبار سے بھی نہایت بلند پایہ انسان تھے اور ان سے مل کر ایک خوشگوار احساس ہوتا تھا۔انہوں نے کہاکہ مرحوم نے اپنی عملی زندگی میں جو خدمات انجام دی ہیں یقیناً قابل قدر ہیں اور بعد والوں کے لئے قابل تقلید بھی ہیں۔مولانا اسرارالحق نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے مغفرت و بلندی درجات کی دعاء کی ہے۔
مولاناعبدالوہاب خلجی کی وفات مسلمانانِ ہندکا عظیم خسارہ:مولانااسرارالحق قاسمی
previous post