مودی کے معافی مانگنے تک پارلیمنٹ نہیں چلنے دیں گے،اپوزیشن متحد
نئی دہلی15دسمبر(قندیل نیوز)
سابق نائب صدر حامد انصاری اور سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ پر پاکستان کے ساتھ مل کر سازش تیار کرنے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے الزامات کے خلاف متحد ہوتے ہوئے اپوزیشن نے آج کہا کہ جب تک مسٹر مودی معافی نہیں مانگتے راجیہ سبھا کی کارروائی نہیں چلنے دی جائے گی۔اس معاملے پر اپوزیشن کے ہنگامہ کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ڈھائی بجے تک کے لئے ملتوی ہونے کے بعد ایوان میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکے ڈی راجہ اور سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال نے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیر اعظم کواپنے الزامات پر وضاحت پیش کرنی چاہئے۔مسٹر آزادنے کہا کہ مسٹر مودی نے مسٹر انصاری اور ڈاکٹر سنگھ کے ساتھ سابق آرمی چیف دیپک کپور، سابق وزیر خارجہ، سابق خارجہ سکریٹری اور چند سینئر صحافیوں پر پاکستانی نمائندوں کے ساتھ مل کرگجرات میں بی جے پی کو شکست دینے کی سازش کرنے کا الزام لگایا ہے۔