موب لنچنگ میں شہید اکبر کی فیملی سے ملاقات


رہنمافاؤنڈیشن اور خدائی خدمت گار نے امداد دینے کا فیصلہ کیا
نئی دہلی:24جولائی(پریس ریلیز)
رہنما فاؤنڈیشن اور خدائی خدمت گارکے کارکنان نے آج موب لنچنگ کے ذریعے شہید ہوئے راجستھان کے الور میں رہنے والے رکبر کے گھر جاکر ان کے فیملی سے ملاقات کی ۔اس کے ساتھ ہی رکبر شہید کے قبرپر جاکر ان کے لئے مغفرت کی دعا کی گئی ۔بچوں کی تعلیم کے لئے سردست 10000دس ہزارروپے سے ان کی مدد کی ۔ رہنما فاؤنڈیشن اور خدائی خدمت گار نے فیصلہ کیا ہے کہ چھ 6ماہ تک ان کی فیملی کو پانچ 5ہزار روپے ہر ماہ دیا جائے گا ان شا اللہ ۔اس وفد میں رہنما فاؤنڈیشن کے چےئرمین تحسین احمد ،فیصل خان نیشنل کنوینر خدائی خدمت گار ،نیشنل ایگزیکیٹو ممبر محمد ساحل ،محمد حسنین شامل تھے۔اس موقع پر سید تحسین احمد نے کہا کہ ایسے موقعے پر ہم سب کو چاہئے کہ مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کریں اور ان کے مسائل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔مرحوم کے سات چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور اہلیہ حمل سے ہے ۔مرحوم دودھ بیچ کر اپنے بچوں کی پرورش کررہے تھے ۔مہنگائی اور کثیرالاولاد ہونے کی وجہ سے مزید گائے خریدکر لا رہے تھے تاکہ روزگا ر بڑھے اور بچوں کی پرورش ٹھیک طریقے سے ہو لیکن سماج دشمن عناصر نے ان کو نشانہ بناکر شہید کرڈالا ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ہمدردی کے ساتھ ساتھ حکومت وقت سے اپیل کرنی چاہئے کہ موب لنچنگ میں ملوث تمام خاطیوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔