ہمیں جمہوری اور سیکولر نظام حکومت کی قدر کرنی چاہئے!
مدارس اسلامیہ اور اقلیتی ادارے یوم جمہوریہ کی تقاریب باوقار انداز میں منائیں:مفتی ابوالقاسم نعمانی
دیوبند(سمیر چودھری؍قندیل نیوز)
دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے تمام مدارس اسلامیہ اور اقلیتی اداروں سے یوم جمہوریہ تقریب باوقار انداز میں منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی آزادی ہمارے اکابر کی مرہون منت ہے۔ میڈیا کو جاری اپنے بیان میں مہتمم موصوف نے کہاکہ ہمیں جمہوری اور سیکولر نظام حکومت کی قدر کرنی چاہئے ،اسی دستو ونظام کے تحت ہندوستان میں مدارس اسلامیہ کو خود مختاری حاصل ہے۔ مولانا نے کہاکہ آئینی مذہبی آزادی بھی اسی جمہوری نظام کے تحت آتی ہے ،اسی لئے جمہوریت کی بقاء اور تحفظ کے لئے مدبرانہ اور مؤثر اقدام ضروری ہیں،انہوں نے کہاکہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ایک خاص ناعاقبت اندیش وفکر مسلمانوں کی مذہبی آزادی اور جمہوریت کے خلاف ہے اور اس نظام کو سبوتاژ کردینا چاہتی ہیں،اسلئے عہدحاضر میں اس بات کی ضرورت دو چند ہوگئی کہ تمام محبان وطن بالخصوص علماء کرام اور ارباب مدارس جمہوری نظام کے تحفظ کے لئے پیش رفت کریں اور حکمت عملی تیار کریں۔ مفتی ابوالقاسم نے کہاکہ یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہئے کہ یہ ملک ہمارا ہے اور اس کی آزادی ہمارے بزرگوں کی رہین منت ہے ،تمام انصاف پسند تاریخ داں اس بات کے معترف ہیں کہ علماء کرام کی جدوجہد اور ایثارو قربانی کے تذکرہ کے بغیر تاریخ حریت مکمل نہیں ہوسکتی لیکن تقسیم وطن کے ناپسندیدہ واقعہ کے بعد سے ہر سطح پر اس بات کی کوشش کی گئی کہ علماء کرام کی قربانیوں اور ان کے ایثار کو نظر انداز اور فراموش کردیاجائے۔ مولانانے کہاکہ افسو س کی بات یہ ہے کہ اس سلسلہ میں ہماری اپنی صفوں میں بھی اضحلال اور سستی پائی جاتی ہے یہی وجہ کہ ہمارے نسل نو اپنے اکابر کی قربانیوں سے ناواقف ہے،موجودہ حالات کے پیش اب یہ ضرورت شدت سے محسوس کی جاتی ہے کہ ہر موقع پر اپنے اسلاف کے کارناموں ،ان کی قربانیوں اور ان کی حب الوطنی کو عام کرنے کی کوشش کی جائے اسلئے یوم جمہوریہ کے موقع پر تمام مدارس اسلامیہ اور دیگر اقلیتی ادارے اعتدال اور سادگی کے ساتھ تقریب کا انعقاد کریں اور علماء کی قربانیوں سے نئی نسل کو متعارف کرائیں تاکہ نسل نو یہ جان سکے کہ اکابر امت نے اس ملک کے لئے کیسی کیسی قربانیاں پیش کی ہیں۔ مفتی ابوالقاسم نے کہاکہ علماء ہند نے اس وقت آزادی کا مطالبہ اور جدوجہد شروع کردی تھی جس وقت آزادی کا خواب بھی دوسرے نہیں دیکھ سکتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ 1857ء میں شاملی میں انگریزوں کے خلاف عصری جدوجہد بانیان دارالعلوم دیوبند نے کی تھی۔ انہوں نے آخر ایک مرتبہ پھر یوم جمہوریہ کی تقاریب پروقار انداز میں منانے کی اپیل کی ۔
ملک کی آزادی علماء دیوبند کی رہین منت :دارالعلوم دیوبند
previous post