سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گرفتار
کولمبو :(قندیل نیوز)
مالدیپ میں صدر عبداللہ یامین کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کئے جانے کے بعد پولس نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبداللہ سعید اور ایک دیگر جج کو آج گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ چیف جسٹس عبداللہ سعید اور سپریم کورٹ کے ایک دوسرے جج علی حمید کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم، پولس نے دونوں ججوں کے خلاف الزامات کے بارے میں کوئی تفصیلی معلومات نہیں دی ہے۔
مالدیپ کے صدر عبد اللہ یامین کی جانب سے 15 دنوں کے لئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرنے کے چند گھنٹے کے بعد دونوں ججوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس سے پہلے سابق صدر مامون عبدالقیوم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔
ایمرجنسی کے اعلان کے ساتھ ہی مالدیپ میں پہلے سے جاری سیاسی بحران مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا جسے صدر نے ماننے سے انکار کر دیا تھا۔