فلسطینی نوجوان پرصہیونی فوجیوں کی گولیوں کی بوچھاڑ،ویڈیووائرل
واشنگٹن 16دسمبر (قندیل نیوز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے بعد فلسطین بھر میں احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین کو کچلنے کے لیے قابض فوج طاقت کا اندھا دھند استعمال کررہی ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران دو ہزار سے زاید فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ قابض فوج کے ہاتھوں فلسطینی شہریوں کے خلاف تشدد کے روز مرہ کی بنیاد پر جاری واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قابض فوج کے غیر انسانی سلوک کا ایک تازہ واقعہ ’العربیہ‘ چینل کے کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔ اس المناک منظر میں اسرائیلی فوجیوں کو ایک نہتے فلسطینی نوجوان پر اندھا دھند گولیاں برساتے اور گولیاں لگنے سے فلسطینی نوجوان کے زمین پر گرنے کا منظر صاف دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے کو کچلنے کے لیے اسرائیلی فوج نے تشدد کا وحشیانہ استعمال کیا۔ مظاہرے میں شریک ایک نوجوان پر اسرائیلی فوج نے گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ کچھ ہی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
کیمرے میں محفوظ ہونے والے منظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوجیوں سے چند گز کے فاصلے پر کھڑا ہے، لگتا ہے کہ وہ ان پر چاقو سے حملے کی تیاری کررہا ہے۔ اس دوران ایک اسرائیلی فوجی اس کی طرف بڑھتا ہے اور اس پر گولیاں کی بوچھاڑ کردیتا ہے۔گولیاں لگنے سے زخمی ہونیوالے نوجوان کو رام اللہ کے ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی رپورٹ میں اس کی حالت تشویشناک بیان کی گئی تھی۔ بعد ازاں اسپتال ذرائع نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
قابض فوج نے نہ صرف فلسطینی نوجوان کو گولیاں ماریں بلکہ زخمی کو اسپتال منتقل کرنے میں اس کی مدد کو آنے والی ایمبولینسوں کو اس تک رسائی سے بھی روک دیا۔ صہیونی فوج نے تین ایمبولینسوں کی چابیاں بھی چھین لیں تاہم فلسطینی امدادی کارکن اسے اپنے کندھوں پر اٹھا کر ایک اور گاڑی کے پاس لے جس کی مدد سے اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ جمعہ کے روز فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے مشرقی غزہ میں ایک فلسطینی کی اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ روز غرب اردن کے اسپتالوں میں اسرائیلی فوج کے تشدد سے زخمی ہونے والے 56 فلسطینیوں کو لایا گیا۔ ان میں سے 48 افراد براہ راست گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جب کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 50 فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔وزارت صحت کے مطابق جمعہ کو غزہ، رام اللہ، طولکرم، طوبا،س نابلس، بیت لحم اور الخلیل شہروں میں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔جمعہ کے روز تازہ کشیدگی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’اعلان القدس‘ پر رد عمل کا تسلسل ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے چھ دسمبر کو جاری کردہ متنازع اعلان القدس کے بعد فلسطین میں کل جمعہ کو پرتشدد مظاہروں کی اپیل کی گئی تھی۔