مقبوضہ بیت المقدس26دسمبر (قندیل نیوز)
اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل ’2‘ نے بتایا ہے کہ امریکی حکومت اعلان القدس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرنے کے لیے فلسطینی اتھارٹی سے مذاکرات کی خواہاں ہے۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ جاری کشیدگی ختم ہونے اور مذاکرات کی بحالی تک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امن منصوبہ منظرعام پر نہیں لانا چاہتی۔ادھر وائٹ ہاؤس کے ایک سینیر عہدیدار نے اسرائیلی اخبار ’یسرائیل ھیوم‘ کو بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن مشن کوآگے بڑھانے کے اپنے اعلان کے پابند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا فلسطینیوں کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے اور ماحول کو ساز گار بنانے کی کوشش کررہا ہے۔اخباری رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ وائیٹ ہاؤس آنے والے دنوں میں نئے امن پلان کے مسودہ تیار کرنے کاکام جاری رکھے گا۔ اسے مکمل ہونے کے بعد پیش کیا جائے گا۔ امریکی عہدیدار نے کہا کہ ان کا ملک کسی فریق پر اپنا منصوبہ مسلط نہیں کرے گا بلکہ دونوں فریقوں کو مشترکہ مفادات پر مبنی سمجھوتے تک پہنچانے میں ان کی معاونت کرے گا۔