Home غزل غزل

غزل

by قندیل

نصیر احمد ناصر
پسِ تصویر ہی دکھا مجھ کو
کارنس پر مگر سجا مجھ کو
سرمئی بارشوں کو کھڑکی سے
اچھا لگتا ہے دیکھنا مجھ کو
نیلگوں آسماں کے کینوس پر
بادلوں کی طرح بنا مجھ کو
کیوں بنایا تھا مجھ کو مٹی سے
چاکِ ہستی پہ اب گھما مجھ کو
کوئی دیوار ہو نہ دروازہ
گھر ملے اس قدر کھلا مجھ کو
سارا جنگل تھا گھات میں لیکن
اک درندے نے کھا لیا مجھ کو
پہلے کہتا تھا یاد رکھنا سدا
اب وہ کہتا ہے بھول جا مجھ کو
خود نمائی کی اس کو عادت ہے
منہ دکھاتا ہے آئنہ مجھ کو
پھوٹ نکلا ہوں خواب کے اندر
اپنی آنکھوں سے اب بہا مجھ کو

You may also like

Leave a Comment