عالمی اردو مجلس،دہلی کے زیر اہتمام محفلِ’ مشاعرۃ البنات ‘کا انعقاد

دہلی کی تمام اہم خواتین شاعرات کی شرکت نے مشاعرے کی کامیابی کو یقینی بنایا
نئی دہلی(پریس ریلیز)
عالمی اردو مجلس ،دہلی کے زیر اہتمام کل یعنی ۱۷؍فروری ۲۰۱۹ کو ’’مشاعرۃ البنات‘‘ کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں دہلی کی تقریبا تمام اہم خواتین شاعرات نے شرکت کی۔یہ ادارے کی پندرھویں نشست تھی جس میں گذشتہ پروگراموں کی بہ نسبت شاعرات اور ادیبوں کی تعداد تشفی بخش رہی۔پروگرام کا آغاز بشیر چراغ نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا۔اس کے بعد ادارے کے جنرل سکریٹری غلام نبی کمارنے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔خواتین کے اس مشاعرے کی صدارت ڈاکٹر عفت زریں صاحبہ نے کی جبکہ ڈاکٹر رضیہ حیدر خاں اور ڈاکٹر نگار ناز بانو بالتریب مہمانِ خصوصی اور مہمانِ ذی وقار اسٹیج پر جلوہ افروز ہوئیں۔ مشاعرے میں سب سے پہلے کشمیر میں انچاس جوانوں کی شہادت پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔اس نشست میں نظامت کے فرائض عالمی اردو مجلس کے صدر ڈاکٹر حنیف ترین نے انجام دیے۔جن خواتین شاعرات نے اس مشاعرے میں حصہ لیا ان میں ڈاکٹر عفت زریں، غزالہ سمیر، ڈاکٹر راشدہ باقی حیا، نسیم بیگم، نگار بانو ناز، ڈاکٹر ناظمہ جبیں، خاتون ،چشمہ فاروقی، رضیہ حیدر خان،ڈاکٹر ودیا جین، عزیزہ مرزا،فرحین اقبال، ڈاکٹر صبیحہ ناہید، آشکارا خانم کشف، عنیقا نرگس وغیرہ قابل ذکر ہیں۔