تازہ ترین سلسلہ(63)
فضیل احمد ناصری
اللہ! سمجھ لے وہ، دشمن کی شرارت کو
پھر نور عطا فرما، مومن کی فراست کو
پھر مشرقِ وسطیٰ ہے بارود کے ڈھیروں پر
درپیش ہے پھر مشکل، تحریکِ ہدایت کو
دنیا ہے پریشاں پھر جنگوں کے مناظر سے
دھو ڈال تو اے مولا! انساں کی قساوت کو
ہر سمت سے گھیرا ہے دجال کے چیلوں نے
معلوم نہیں راہیں، امت کی قیادت کو
وہ روز ہی مرتے ہیں، کفار کے ہاتھوں سے
بیدار نہیں کرتے، پر اپنی شجاعت کو
جس بزم کی شرکت سےسرکارؑ نےروکاتھا
جانے لگی یہ ملت، اس کوئے ملامت کو
دل مسخ ہوا ایسا فاراں کے غزالوں کا
بھولے ہوئے بیٹھے ہیں اللہ کی طاقت کو
پھر غیرتِ ایمانی امت کی جگا یارب!
احساس کا شعلہ دے مومن کی حرارت کو
دہشت ہے، قیامت ہے پھر سینۂ گیتی پر
توفیقِ عدالت دے دنیا کی عدالت کو
ان کا ہی تاثر ہے، ملت کے جوانوں میں
ایمان عطا فرما اربابِ صحافت کو
1 comment
واہ کیا کہنے ہیں بہت خوب