سوامی اگنی ویش پر حملہ قابل مذمت : مولانا محمود مدنی

نئی دہلی:۱۷؍جولائی(قندیل نیوز)
جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے مشہور سماجی کارکن و آریہ سماجی رہ نماسوامی اگنی ویش پر پاکور جھارکھنڈ میں ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ بھیڑ بنا کر جس طرح سے شد ت پسند اور غیر سماجی عناصر نے 80سال کے اس ہندو مذہبی رہ نما پرحملہ کیا، ان کے کپڑے پھاڑے ، مارا پیٹا وہ انتہائی تکلیف دہ ہونے کے ساتھ ہندستانی تہذیب اور اس کی سنسکرتی کو داغدار کرنے والاعمل ہے ۔انھوں نے کہا کہ ایک معمر مذہبی رہ نما کی عدم توقیر ی اور بے عزتی یہ ظاہر کرتا ہے کہ ملک میں اشتعال انگیزی اور عدم برداشت کا ماحول کس قدر خراب ہو تا جارہا ہے ۔
مولانا مدنی نے کہا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ نے قاتل ہجومی عناصر پر گرفت کرنے کی ہدایت دی ہے، مگر اس کے باوجود اس طرح کے حملے آئے دن بڑھتے جارہے ہیں ۔انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ وقت آگیا ہے کہ نفرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاتفریق مذہب مشترکہ طور سے جد وجہد کی جائے اور ملک کی اقدار و روایات کو پامال ہو نے سے بچایا جائے ۔
https://youtu.be/ZFRPCWCZACw