سردار پٹیل نے ایک مستحکم ہندوستان کی تعمیر کی: ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

یوم قومی یکجہتی پر قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر کا خطاب
نئی دہلی:31/اکتوبر(قندیل نیوز)
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ،نئی دہلی کے دفتر میںآج ’’یوم قومی یکجہتی‘‘ کے موقع پر قومی اتحاد کا حلف لیا گیا۔اس موقع پر قومی کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشیخ عقیل احمد نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی قومی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے ہندوستان کی تمام ریاستوں کو متحد کرکے ایک مضبوط ہندوستان کی تعمیر کی۔انھوں نے بلاتفریق مذہب وملت تمام ہندوستانیوں کے اتحاد پر زور دیا اور اس کے لیے عملی کوششیں بھی کیں۔انھوں نے مزید کہا کہ آج جس متحدہ ہندوستان کو ہم دیکھ رہے ہیں ، وہ انہی کی بے پناہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ولبھ بھائی پٹیل مردآہن اور زمین سے جڑے ہوئے سچے قوم پرست تھے۔مہاتما گاندھی سے انھیں بے حد عقیدت تھی اور ان کے لیے انھوں نے بے شمار قربانیاں بھی دیں۔
قومی کونسل کے ڈائریکٹر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کو یاد کیا جائے اور ان کے نقش قدم پر چل کر ملک سے سچی محبت بھی کی جائے تاکہ ہر طرف ملک میں امن وبھائی چارگی کی ہوائیں چلیں اور ملک روز بروز ترقی کی طرف رواں دواں رہے۔